ویب ڈیسک: معروف اداکار مائیکل پیٹرک طویل علالت کے بعد 35 برس کی عمر میں انتقال کر گئے۔ وہ گزشتہ تین سال سےموٹر نیوران کی بیماری میں مبتلا تھے اور گزشتہ دنوں طبیعت بگڑنے پر انہیں شمالی آئرلینڈ کے ایک ہسپتال منتقل کیا گیا تھا، جہاں وہ زیرِ علاج رہے۔
ان کی اہلیہ نومی شیہان نے سوشل میڈیا کے ذریعے ان کے انتقال کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ مائیکل کو آخری دنوں میں 24 گھنٹے طبی نگہداشت فراہم کی جا رہی تھی۔
انہوں نے اپنے پیغام میں شوہر کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ وہ ایک غیر معمولی انسان تھے، جنہوں نے بیماری کے باوجود ہمت، حوصلے اور عزم کی مثال قائم کی اور اپنے اردگرد لوگوں کو ہمیشہ متاثر کیا۔
مائیکل پیٹرک کے انتقال کی خبر سامنے آتے ہی فنونِ لطیفہ سے وابستہ شخصیات اور مختلف اداروں کی جانب سے گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا گیا۔
انہیں ایک باصلاحیت، محنتی اور باہمت فنکار قرار دیا جا رہا ہے، جن کی فنی خدمات اور جدوجہد کو طویل عرصے تک یاد رکھا جائے گا۔