رائو دلشاد: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے پنجاب ڈویلپمنٹ پروگرام کے تحت جاری منصوبوں کی ہفتہ وار رپورٹ طلب کر لی ہے جبکہ محکمہ لوکل گورنمنٹ کو ہر شہر میں جاری ترقیاتی اسکیموں پر تفصیلی بریفنگ دینے کی ہدایت کی ہے۔
وزیراعلیٰ نے مثالی گاؤں پراجیکٹس پر پیشرفت کا جائزہ لینے کے لیے بھی ہر ہفتے رپورٹ پیش کرنے کا حکم دیا ہے۔ لوکل گورنمنٹ اینڈ کمیونٹی ڈویلپمنٹ کے تحت اس وقت صوبے کے 51 شہروں میں مختلف ترقیاتی منصوبوں پر کام جاری ہے۔
اجلاس میں بتایا گیا کہ صفائی کے نظام کو بہتر بنانے کے لیے ڈی سلٹنگ مشینیں، 46 سیکشن مشینیں اور 45 جیٹنگ مشینیں فراہم کی جائیں گی، جبکہ ویسٹ کنٹینرز اور کوڑے کرکٹ کے ڈرموں کی مستقل صفائی یقینی بنانے کی بھی ہدایت کی گئی ہے۔
مزید برآں، پہلی بار ایچ ڈی پی ای پائپ لائننگ پلانٹ کی تنصیب کا فیصلہ کیا گیا ہے، جس پر 20 اپریل سے کام شروع ہوگا اور جنوبی پنجاب میں یہ پلانٹ قائم کیا جائے گا۔
ذرائع کے مطابق یہ اہم اجلاس وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کی زیر صدارت منعقد ہوا، جس میں پراجیکٹ گیلری کے ذریعے ہر تحصیل میں جاری ترقیاتی منصوبوں کا تصویری جائزہ لیا گیا، جبکہ لائیو ڈیش بورڈ پر تمام پراجیکٹس کی مالی اور فزیکل پیشرفت کا بھی تفصیلی معائنہ کیا گیا۔
وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کا کہنا تھا کہ ماضی میں پانچ سال میں بھی اتنے منصوبے مکمل نہیں ہوئے جتنے ہم نے دو سال میں مکمل کیے ہیں۔ انہوں نے ہدایت کی کہ واسا کے منصوبوں کی جلد تکمیل کے بعد بیوٹیفکیشن پر بھی بھرپور توجہ دی جائے۔