ہمارا واٹس ایپ چینل جوائن کریں

پیٹرول و ڈیزل سستا؛ ٹرانسپورٹ سیکٹر کا بڑا اعلان

پیٹرول و ڈیزل سستا؛ ٹرانسپورٹ سیکٹر کا بڑا اعلان
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

ویب ڈیسک: پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں نمایاں کمی کے بعد ملک بھر میں ٹرانسپورٹ کرایوں میں بڑی کمی کا اعلان کر دیا گیا ہے، جس سے عوام کو فوری ریلیف ملنے کی توقع ہے۔ لاہور میں پبلک ٹرانسپورٹرز نے کرایوں میں فوری طور پر 25 فیصد کمی کر دی، جبکہ متعدد نجی ٹرانسپورٹ کمپنیوں اور مزدا ٹرک مالکان نے بھی کرایوں میں اسی شرح سے کمی کا اعلان کیا ہے۔

دوسری جانب گڈز ٹرانسپورٹرز نے اس سے بھی بڑا ریلیف دیتے ہوئے کرایوں میں 40 فیصد تک کمی کا اعلان کیا ہے۔ صدر پاکستان گڈز ٹرانسپورٹ ایسوسی ایشن کے مطابق ملک بھر میں فی الفور گڈز ٹرانسپورٹ کے کرائے کم کر دیے گئے ہیں، اور اس فیصلے کو ڈیزل کی قیمت میں نمایاں کمی کا براہِ راست اثر قرار دیا جا رہا ہے، جس سے اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں بھی کمی کی توقع ہے۔

یاد رہے کہ وزیراعظم شہباز شریف کی جانب سے حالیہ اعلان کے بعد پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں بڑی کمی کی گئی ہے۔ نوٹیفکیشن کے مطابق پیٹرول 11 روپے 83 پیسے فی لیٹر سستا ہو کر 366 روپے 58 پیسے ہو گیا، جبکہ ڈیزل کی قیمت میں 134 روپے 81 پیسے کی بڑی کمی کے بعد نئی قیمت 385 روپے 54 پیسے فی لیٹر مقرر کی گئی ہے۔

اسی طرح مٹی کے تیل کی قیمت میں 17 روپے 33 پیسے کمی کے بعد نئی قیمت 450 روپے 15 پیسے فی لیٹر ہو گئی، جبکہ لائٹ ڈیزل آئل 25 روپے 31 پیسے سستا ہو کر 369 روپے 72 پیسے فی لیٹر مقرر کیا گیا ہے۔ پیٹرولیم ڈویژن کے مطابق نئی قیمتوں کا اطلاق رات 12 بجے سے نافذ العمل ہو چکا ہے۔

معاشی ماہرین کا کہنا ہے کہ اگر کرایوں میں کمی پر مکمل عملدرآمد یقینی بنایا گیا تو اس کے اثرات نہ صرف ٹرانسپورٹ بلکہ اشیائے خورونوش سمیت مجموعی مہنگائی پر بھی مثبت انداز میں سامنے آئیں گے۔