راؤ دلشاد حسین: کورونا وائرس کے پھیلاؤ میں میٹروپولیٹن کارپوریشن اورسرکاری ادارے ہی پیش پیش، گورنمنٹ عائشہ ڈگری کالج میں قائم احساس کفالت پروگرام کیلئے ناقص انتظامات، کوروناوائرس کے ایس او پیز کو سرکاری اداروں کی ناک تلے روند دیا گیا۔
راوی روڈ میں واقع گورنمنٹ عائشہ ڈگری میں کفالت پروگرام کے تحت مالی امداد کی تقسیم میں سماجی فاصلے کو ملحوظ خاطر نہیں رکھا گیا۔ وزیراعظم کے احساس کفالت پروگرام کے تحت بارہ ہزار روپے تقسیم کرنے کا سلسلہ جاری رہا، لیکن تقسیم کے انتظامات انتہائی ناقص تھے۔
میٹروپولٹین کارپوریشن کے ملازمین کو ایک ہی ٹرک میں ایک آفس سے دوسرے آفس منتقل کیا گیا، خواتین کو بغیر مارکنگ کے لائن میں کھڑا کیا گیا۔ سماجی دوری کا بھی خیال نہیں رکھا گیا اور تمام ایس او پیز کو یکسر نظر انداز کردیا گیا۔
پرائمری اینڈ سکینڈری ہیلتھ کیئرکی تازہ رپورٹ کے مطابق صوبے میں کورونا مریضوں کی تعداد2410ہوگئی ہےجبکہ لاہور میں وائرس کے مصدقہ مریض396 ہوگئے، 138 کورونا پازیٹو میو ہسپتال، 69 ایکسپو ہسپتال، 21 پی کے ایل آئی، 5 چلڈرن، 7سروسزہسپتال، 3 جناح اور 2 جنرل ہسپتال میں زیرعلاج ہیں۔
پنجاب میں 31 ہزار 535 کورونا ٹیسٹ کئے گئے، جن میں سے 2410 میں وائرس کی تشخیص ہوئی، 24 گھنٹوں میں 39 افراد صحتیاب ہو کر گھر چلے گئے، 701 زائرین سنٹرز، 733 رائیونڈ سے منسلک افراد میں کورونا کی تصدیق ہوئی ہے، 80 قیدیوں،822 عام شہری میں کورونا میں مبتلا ہیں۔