(ویب ڈیسک) ملک بھر میں آٹے کی قیمتوں میں اضافے کے باعث شہریوں کی مشکلات بڑھ گئی ہیں، آٹا 130سے 135 روپے فی کلو تک فروخت ہونے لگا ہے۔
رپورٹس کے مطابق ملتان کے شہریوں نے بڑھتی مہنگائی پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے حکومت سے آٹے کی قیمت میں کمی اور فوری اقدامات کا مطالبہ کیا ہے۔
ملتان کے مختلف علاقوں میں آٹے کی قیمت 130 سے 135 روپے فی کلو تک پہنچ گئی ہے، جبکہ 15 کلو آٹے کا تھیلا تقریباً 2 ہزار روپے میں دستیاب ہے۔
دوسری جانب بعض شہریوں نے بتایا کہ 15 کلو کے تھیلے کی قیمت 2 ہزار 100 روپے تک بھی وصول کی جارہی ہے۔
آٹے کی قیمتوں میں مسلسل اضافے نے بالخصوص کم آمدنی والے طبقے کے گھریلو بجٹ کو شدید متاثر کیا ہے۔
شہریوں کا کہنا ہے کہ روزمرہ اخراجات پہلے ہی پورے کرنا مشکل ہے ایسے میں بنیادی ضرورت کی اشیا میں مسلسل اضافہ ان کی مشکلات میں مزید اضافہ کررہا ہے۔
متاثرہ شہریوں نے شکوہ کیا ہے کہ یومیہ اجرت پر کام کرنے والے (دہاڑی دار) طبقے کے لیے مہنگائی کا مقابلہ کرنا انتہائی مشکل ہوگیا ہے۔
ایک شہری کا کہنا تھا کہ کبھی روزگار ملتا ہے اور کبھی نہیں ملتا۔
ایسے میں 15 کلو آٹے کا تھیلا 2 ہزار روپے میں خریدنا مشکل ہوگیا ہے، جبکہ ایک کلو آٹا بھی 135 سے 140 روپے میں مل رہا ہے۔