ویب ڈیسک:فیفا نے فٹبال ورلڈ کپ 2026 کے ٹکٹس کی فروخت کا پہلا مرحلہ شروع کر دیا ہے، جہاں شائقین اپنی پسندیدہ ٹیموں کے میچز دیکھنے کے لیے باضابطہ طور پر درخواستیں جمع کرا سکتے ہیں۔
فیفا انتظامیہ کے مطابق گروپ اسٹیج کے میچز کے ٹکٹس کی قیمت کم از کم 60 ڈالر رکھی گئی ہے، جبکہ سب سے مہنگا ٹکٹ ورلڈ کپ کے فائنل کے لیے ہوگا جس کی قیمت 6 ہزار 730 ڈالر تک جا پہنچے گی۔
ٹکٹ سیلز کو تین مراحل میں مکمل کیا جائے گا۔ پہلے مرحلے میں ویزا کارڈ ہولڈرز کے لیے خصوصی پری سیل کا انتظام کیا گیا ہے۔ اس سلسلے میں رجسٹریشن کا آغاز 10 ستمبر کی صبح 11 بجے ہوا جو 19 ستمبر تک جاری رہے گا۔ کامیاب درخواست گزاروں کو 29 ستمبر سے ای میل کے ذریعے آگاہ کیا جائے گا اور یکم اکتوبر سے وہ ٹکٹس خرید سکیں گے۔
دوسرا مرحلہ ‘ارلی برڈ ڈرا’ کہلائے گا، جو 27 سے 31 اکتوبر تک رجسٹریشن کے ساتھ مکمل ہوگا۔ اس کے بعد نومبر کے وسط سے دسمبر کے اوائل تک کامیاب شائقین کو ٹکٹس خریدنے کا موقع دیا جائے گا۔
تیسرا مرحلہ ورلڈ کپ کے فائنل ڈرا کے بعد شروع ہوگا۔ اس میں شائقین مخصوص میچز کے لیے اپنی درخواستیں جمع کرا سکیں گے۔ فیفا نے وضاحت کی ہے کہ اگر کسی کو پہلے دو مراحل میں ٹکٹ نہ مل سکے تو محدود تعداد میں ٹکٹ بعد میں ‘پہلے آئیں، پہلے پائیں’ کی بنیاد پر بھی فروخت کیے جائیں گے۔
شائقین کے لیے صرف سنگل میچ ہی نہیں بلکہ ملٹی میچ ہاسپٹالیٹی پیکجز بھی دستیاب ہوں گے، جن میں ٹکٹ کے ساتھ اضافی سہولیات شامل ہوں گی۔ یہ پیکجز براہِ راست فیفا کی آفیشل ویب سائٹ سے خریدے جا سکتے ہیں۔
فیفا انتظامیہ نے مزید اعلان کیا ہے کہ سال کے آخر میں ایک آفیشل ری سیل پلیٹ فارم بھی لانچ کیا جائے گا، جہاں ٹکٹ ہولڈرز اپنی ٹکٹس دوبارہ فروخت کرنے کے مجاز ہوں گے۔
اس پیش رفت کے بعد دنیا بھر کے شائقین فٹ بال کے سب سے بڑے ایونٹ میں شرکت کے لیے پرجوش ہیں اور توقع کی جا رہی ہے کہ ورلڈ کپ 2026 کے ٹکٹس کی مانگ انتہائی زیادہ ہوگی۔