ویب ڈیسک: سیلابی صورتحال کے باعث کوٹ مومن کے متاثرہ علاقوں میں تعلیمی ادارے مزید 4دن کے لیے بند کر دیے گئے ہیں۔ اس حوالے سے تعطیلات میں توسیع کا باقاعدہ نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا گیا ہےجس کے مطابق اب اسکولز 13 ستمبر 2025 تک بند رہیں گے۔
تفصیلات کے مطابق یہ فیصلہ ڈپٹی کمشنر سرگودھا محمد وسیم کی زیر نگرانی کیا گیا ہے۔ان کا کہنا ہے کہ یہ اقدام سیلاب کے بعد پیدا ہونے والی ہنگامی صورتحال اور بحالی کے جاری کاموں کے پیش نظر لیا گیا ہے تاکہ طلبہ، اساتذہ اور والدین کی جان و مال کا تحفظ یقینی بنایا جا سکے۔
سیلاب سے متاثرہ 41 مواضعات میں تمام سرکاری و نجی تعلیمی ادارے بند رہیں گے۔
ضلعی انتظامیہ کے مطابق ان علاقوں میں نکاسی آب، صفائی، اور بنیادی سہولیات کی بحالی کا کام تیزی سے جاری ہے تاہم فی الوقت تعلیمی سرگرمیوں کا بحال ہونا ممکن نہیں۔
علاقے کے مکینوں سے بھی اپیل کی گئی ہے کہ وہ ریلیف آپریشن میں انتظامیہ سے تعاون کریں اور سیلاب کے دوران جاری حفاظتی ہدایات پر عمل کریں۔