شاہین عتیق: احتساب عدالت نے منی لانڈرنگ کیس کی سماعت چودہ ستمبر تک ملتوی کردی، میاں شہباز شریف سمیت دیگر بارہ ملزمان کو ریفرنس کی نقول فراہم، جبکہ رمضان شوگر مل میں حمزہ شہباز کےپیش نہ ہونے پرسماعت یکم اکتوبرتک ملتوی کردی گئی۔
تفصیلات کے مطابق احتساب عدالت میں نیب کی طرف سےمنی لانڈرنگ ریفرنس میں اپوزیشن لیڈرشہبازشریف ان کی بیٹی جویریہ شہباز سمیت بارہ ملزمان کو ریفرنس کی نقول فراہم کردیں، حمزہ شہبازکوبیماری کی وجہ سے پیش نہیں کیا گیا، عدالت نےسلمان شہباز کے دوبارہ وارنٹ گرفتاری جاری کرتے ہوئے ڈی جی نیب کووزارت خارجہ سےرابطہ کرنے کا حکم دیا، عدالت نے نصرت شہبازکےوارنٹ کی تعمیل نہ ہونے پردوبارہ سمن جاری کر دیئے۔
سماعت کےدوران شہباز شریف نےعدالت کومخاطب کرتے ہوئےکہا کہ انہیں منی لانڈرنگ کیس میں ناجائز ملوث کیا گیا ہے، دس سالوں میں ایک پیسہ نہیں لیا، شوگر ملوں میں گنےکی مد میں نقصان بھی برداشت کیا، عدالت نے کہا کہ جب سماعت شروع ہوگی آپ کو بیان کا پورا موقع دیا جائے گا۔
احتساب عدالت میں شہبازشریف اوران کی بیٹی کی پیشی پردھکم پیل بھی ہوئی، ن لیگی رہنماعظمی بخاری کا کہنا تھا کہ نیب کوکوئی کرپشن نہیں ملی توبہو بیٹیوں کو بلانا شروع کردیا۔ پیشی کے موقع پرپولیس نےایم اے او کالج سےسول سکرٹریٹ تک راستے بند کردیئے، کسی ایم پی اے اور ایم این اے کواظہار یکجیتی کے لیےعدالت نہیں جانےدیا گیا۔