ہمارا واٹس ایپ چینل جوائن کریں

لاہور میں سموگ کی شدت، فضائی آلودگی میں خطرناک اضافہ

لاہور میں سموگ کی شدت، فضائی آلودگی میں خطرناک اضافہ
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

سٹی42:پنجاب کا دل شہر لاہور  اس وقت شدید فضائی آلودگی کی لپیٹ میں ہے جہاں سموگ کی سطح خطرناک حد تک بڑھ چکی ہے۔ عالمی درجہ بندی میں لاہور دنیا کے آلودہ ترین شہروں میں دوسرے نمبر پر آ گیا ہے۔ شہر میں سموگ کی اوسط شرح 183 AQI ریکارڈ کی گئی ہے، جو کہ "غیر صحت مند" زمرے میں آتی ہے۔

ماہرین صحت نے خبردار کیا ہے کہ موجودہ صورتحال سانس، آنکھوں، گلے اور جلد کی بیماریوں میں اضافے کا باعث بن سکتی ہے، خصوصاً بچوں، بزرگوں اور حساس افراد کے لیے یہ فضا مزید خطرناک ہو سکتی ہے۔ محکمہ ماحولیات اور سموگ مانیٹرنگ سنٹر کی جانب سے شہریوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ غیر ضروری طور پر گھروں سے باہر نہ نکلیں، ماسک کا استعمال کریں، کھڑکیاں اور دروازے بند رکھیں اور اگر کسی ماحولیاتی خلاف ورزی کی نشاندہی ہو تو فوری طور پر ہیلپ لائن 1373 پر اطلاع دیں۔

محکمہ موسمیات کے مطابق لاہور میں آج کم سے کم درجہ حرارت 19 ڈگری سینٹی گریڈ جبکہ زیادہ سے زیادہ 29 ڈگری سینٹی گریڈ تک جانے کا امکان ہے۔ موجودہ درجہ حرارت 22 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہے۔ ہوا کی رفتار 3 کلومیٹر فی گھنٹہ جبکہ نمی کا تناسب 77 فیصد تک پہنچ چکا ہے، جس سے فضا میں نمی زیادہ اور آلودہ ذرات کا خطرہ بڑھ گیا ہے۔

سموگ مانیٹرنگ سنٹر کی جاری کردہ رپورٹ کے مطابق آج لاہور کا اوسط ایئر کوالٹی انڈیکس 165 رہنے کا امکان ہے۔ صبح 11 بجے تک ہوا کی رفتار 2 میل فی گھنٹہ سے کم رہنے کی توقع ہے۔ دوپہر 12 بجے سے شام 5 بجے تک AQI کی سطح 145 سے 150 کے درمیان رہنے کی پیشگوئی کی گئی ہے، جبکہ شام 6 بجے سے رات 11 بجے کے دوران دوبارہ AQI میں اضافے کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔ دن کے اختتامی حصے میں ہوا کی رفتار بڑھ کر 5 میل فی گھنٹہ ہو سکتی ہے، جس سے فضا میں معمولی بہتری کا امکان ہے۔

سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب نے عوام سے اپیل کی ہے کہ آلودگی کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے ہر شہری کو اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔ ان کا کہنا تھا کہ فصلوں کی باقیات جلانا ایک سنگین جرم ہے، اور اس کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ ہم سب مل کر سموگ کو کم کر سکتے ہیں اور ایک صاف ستھرا ماحول قائم کر سکتے ہیں۔

پنجاب حکومت کے سموگ و موسمیاتی تبدیلی کے نگران جدید نظام نے آج کی تفصیلی موسمیاتی اور ایئر کوالٹی رپورٹ جاری کی ہے، جس کے مطابق نمی، درجہ حرارت اور ہوا کی رفتار جیسے عوامل فضائی آلودگی پر براہ راست اثر انداز ہو رہے ہیں۔