سٹی42: لاہور ہائیکورٹ سے پنجاب حکومت کیلئے اچھی خبر یہ ہے کہ معدنیات کے ٹھیکوں کی الیکٹرانک نیلامی کیخلاف درخواستیں واپس لے لی گئیں ۔
لاہور ہائیکورٹ نے درخواستیں واپس لینے کی بنا پر نمٹادیں۔
جسٹس راحیل کامران شیخ نے شہری محمد آصف سمیت دیگر کی درخواستوں پرسماعت کی،پنجاب حکومت کی جانب سے اسسٹنٹ ایڈووکیٹ جنرل محمد عثمان خان پیش ہوئے۔
ڈی جی محکمہ معدنیات راجہ منصوراحمد اور ڈائریکٹر لائسننگ حیدرعباس ذاتی حیثیت میں پیش ہوئے، اسسٹنٹ ایڈووکیٹ جنرل محمد عثمان خان نے بتایاکہ یہ پنجاب میں پہلی مرتبہ ای الیکٹرانک نیلامی کو چیلنج کرنے کا معاملہ ہے۔
عدالت نےحکم امتناعی جاری نہیں کیا تھا۔ عدالتی فیصلے سے مشروط کرنے کا حکم دیا تھا،پہلے فیزمیں52 الیکٹرانک نیلامیاں ہوچکی ہیں،ان نیلامیوں میں ڈھائی ارب میں ٹھیکہ جات ہوئے۔
یہ نیلامیاں انہی شرائط پر ہوئی ہیں، جنہیں درخواستگزاروں نے چیلنج کیا ہوا ہے، اسسٹنٹ ایڈووکیٹ جنرل نے استدعا کی کہ عدالت ان ٹھیکوں کو مکمل کرنے کی اجازت دے۔
وکیل درخواستگزار نے کہا ہم نے رٹ پٹیشن واپس لینے کیلئے متفرق درخواست دی ہوئی ہے،محکمہ ہماری دادرسی کیلئے تیار ہے، ہم درخواستیں واپس لینا چاہتے ہیں۔
عدالت نےاستفسار کیا کہ کن شقوں پراتفاق ہوا ہے، یا تو آپ درخواست واپس لیں،یا محکمہ جواب دے،عدالت نے درخواستگزاروکیل اور محکمہ کے افسران کو مشاورت کیلئے10 منٹ بھی دیئے،عدالتی وقفے کے بعد درخواستگزاروں کےوکیل نے پٹیشن واپس لے لی۔