ویب ڈیسک : کرکٹ آسٹریلیا کے چیف ایگزیکٹیو نک ہاکلے نے کہا ہےکہ ہم بھارت اور پاکستان کے ساتھ سہ فریقی سیریز کے انعقاد کرانے کے لئے تیار ہیں۔
رپورٹ کےمطابق نک ہاکلے نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ کرکٹ آسٹریلیا پاکستان، بھارت اور آسٹریلیا کے درمیان سہ فریقی سیریز کی میزبانی پر غور کرنے کے لئے تیار ہے۔ پہلے بھی اس طرح کا کامیاب انعقاد ہو چکا ہے ، لیکن اس کے لئے بی سی سی آئی کی رضامندی ضروری ہے۔
یادرہے پی سی بی کے صدر رمیز راجہ بھارت ، آسٹریلیا اور انگلینڈ کی ٹیموں کے ساتھ ہر سال چار ملکی ٹورنامنٹ کی تجویز پر عمل درآمد کیلئے پرعزم ہیں۔ معتبر ذرائع کے مطابق رمیز راجہ اب بھی اپنی تجویز پر کام کر رہے ہیں اور انہوں نے کچھ دیگر اہم بورڈوں کے عہدیداروں سے بھی بات چیت کی ہے ۔ بی سی سی آئی اس سے پہلے رمیز راجا کی تجویز کو مسترد کرچکا ہے۔
بھارت اور پاکستان کے درمیان دو طرفہ سیریز طویل عرصے سے نہیں کھیلی جا رہی ہے۔ صرف آئی سی سی یا بڑے ٹورنامنٹس میں دونوں ٹیمیں ایک دوسرے کے مد مقابل ہوتی ہیں ۔