(الہٰی بخش)ٹھری میرواہ کے قریب کوٹ لالو کے علاقے میں کوئلہ سے لدی مال بردار ٹرین کی دو بوگیاں پٹڑی سے اتر گئیں، جس کے باعث ریلوے انتظامیہ نے فوری طور پر ریلیف آپریشن شروع کر دیا۔
ریلوے حکام کے مطابق حادثے کا شکار ہونے والی مال گاڑی پنجاب سے کراچی جا رہی تھی کہ راستے میں اس کی دو بوگیاں پٹڑی سے اتر گئیں، واقعے کے بعد روہڑی سے ریسکیو کرین طلب کر لی گئی ہے اور متاثرہ بوگیوں کو دوبارہ ٹریک پر لانے کی کوششیں جاری ہیں۔
ریلوے انتظامیہ کا کہنا ہے کہ حادثے کے باوجود اپ اور ڈاؤن دونوں ٹریکس پر ٹرینوں کی آمدورفت معمول کے مطابق جاری ہے اور مسافر و دیگر ٹرین آپریشن متاثر نہیں ہوئے۔
حکام کے مطابق ریلیف ٹرین اور ریسکیو کرین کے موقع پر پہنچتے ہی بحالی کا کام مکمل کر لیا جائے گا، جبکہ حادثے کی وجوہات جاننے کے لیے بھی تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔