ہمارا واٹس ایپ چینل جوائن کریں

دانش یونیورسٹی اسلام آباد اور 11نئے دانش سکولوں کے قیام کی منصوبہ بندی؛ اعلان ہوگیا

دانش یونیورسٹی اسلام آباد اور 11نئے دانش سکولوں کے قیام کی منصوبہ بندی؛ اعلان ہوگیا

سٹی 42 : وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے کہا ہے کہ وزیراعظم نے دانش یونیورسٹی اسلام آباد کے قیام کا اعلان کیا ہے، جبکہ 11 نئے دانش سکولوں کے قیام کی بھی منصوبہ بندی کی گئی ہے۔ 

قومی اسمبلی اجلاس میں خطاب کرتے ہوئے وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے کہا کہ سائنس اور ٹیکنالوجی میں 31 جاری اسکیموں کے لیے 4.8 ارب روپے مختص کئے گئے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ  صحت کے شعبے کے 21 اہم منصوبوں کے لیے 14.3 ارب روپے مختص کیے گئے ہیں۔ 

محمد اورنگزیب نے بتایا کہ 11 نئے دانش سکولوں کے قیام کی منصوبہ بندی کی گئی ہے، اس کام کے لیے کل 9.8 ارب روپے مختص کئے گئے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ وزیراعظم نے دانش یونیورسٹی اسلام آباد کے قیام کا اعلان کیا ہے۔ 

وزیرخزانہ نے کہا کہ سندھ میں 2022 کے سیلاب سے متاثرہ اسکولوں کی تعمیر نو کے لئے تین ارب مختص کئے گئے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ اسلام آباد کے کینسر ہسپتال کے قیام کے لئے 1.7 ارب اور ضروری آلات کی خریداری کے لئے 90 کروڑ مختص کئے ہیں۔ 

واضح رہے  دانش سکول پنجاب حکومت کا ایک پراجیکٹ ہے جس کے تحت مستحق، ضرورت مند اور یتیم بچوں کو چھٹی جماعت سے لے کر انٹرمیڈیٹ تک تعلیم دی جاتی ہے، دانش اسکول میں پڑھنے والے بچوں کو نہ صرف بغیر کسی فیس کے بالکل مفت تعلیم دی جاتی ہے بلکہ کھانا اور رہائش بھی فراہم کی جاتی ہے اب یہی سہولیات 11 نئے دانش سکولوں اور یونیورسٹی میں بھی میسر ہوگی ، غریب اور مستحق بچے مفت اعلی ٰ تعلیم حاصل کرسکیں گے 

جائیداد کی خریداری پر ٹیکس کی شرح کم کرنے کی تجویز

وزیرخزانہ نے کہا کہ جائیداد کی خریداری پر ود ہولڈنگ ٹیکس کی شرح 4 فیصد سے کم کر کے 2.5 فیصد اور 3.5 سے کم کر کے 2 فیصد کرنے کی تجویز ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ جائیداد کی خریداری پر ود ہولڈنگ ٹیکس 3 فیصد سے کم کر کے 1.5 فیصد کرنے کی تجویز ہے۔  

 وزیر خزانہ نے کہا کہ کمرشل جائیدادوں، پلاٹس اور گھروں کی منتقلی پر گزشتہ سال عائد کی جانے والی 7 فیصد تک کی فیڈرل ایکسائز ڈیوٹی ختم کرنے کی تجویز ہے۔

انہوں نے بتایا کہ اسلام آباد کی حدود میں جائیداد کی خریداری پر اسٹامپ پیپر ڈیوٹی کم کرکے 1 فیصد کرنے کی تجویز ہے. سالانہ ایک کروڑ سے زائد پنشن وصول کرنے والے ستر سال سے کم عمر پنشنزر کی ایک کروڑ سے زائد پنشن آمدنی پر پانچ فیصد ٹیکس کی تجویز ہے.