سٹی42: پاکستان ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) نے گرمی کی شدت میں اضافے کے خدشے کے پیش نظر الرٹ جاری کردیا ہے۔
پنجاب میں شدید گرمی اور ہیٹ ویو کی لہر 13 جون تک برقرار رہنے کا امکان ہے، پی ڈی ایم اے کے ترجمان کے مطابق درجہ حرارت معمول سے 7 ڈگری زیادہ ریکارڈ کیا جا رہا ہے۔
لاہور، فیصل آباد، گوجرانوالہ، راولپنڈی، ملتان، بہاولپور، سرگودھا، ڈیرہ غازی خان اور ساہیوال سمیت کئی اضلاع شدید گرمی کی لپیٹ میں ہیں۔ جنوبی پنجاب کے اضلاع میں ہیٹ ویو مزید شدید ہونے کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔
گزشتہ روز ڈیرہ غازی خان اور نور پور تھل میں سب سے زیادہ درجہ حرارت 49 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جبکہ بھکر، بہاولنگر، کوٹ ادو، منڈی بہاؤالدین اور دیگر علاقوں میں 47 ڈگری رہا۔
ریلیف کمشنر پنجاب نبیل جاوید نے تمام کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز کو الرٹ رہنے کی ہدایت کی ہے۔ عوامی مقامات، اڈوں اور منڈیوں میں ٹھنڈے پانی کی فراہمی، چولستان کے اضلاع میں صاف پانی کی دستیابی اور تمام ہسپتالوں میں ہیٹ ویو کاؤنٹرز قائم کر دیے گئے ہیں۔
ڈی جی پی ڈی ایم اے عرفان علی کاٹھیا کے مطابق شہریوں کو میڈیا کے ذریعے ہیٹ ویو سے بچاؤ کی آگاہی فراہم کی جا رہی ہے اور متعلقہ ادویات کی فراہمی یقینی بنائی گئی ہے۔
ڈی جی کا کہنا ہے کہ بچوں، بزرگوں اور بیمار افراد کا خاص خیال رکھیں، سخت دھوپ میں مشقت اور ورزش سے گریز کریں، ہلکے رنگ کا سوتی لباس پہنیں اور غیر ضروری گھر سے باہر نہ نکلیں۔