ہمارا واٹس ایپ چینل جوائن کریں

امریکا، ایران کشیدگی کے باوجود عالمی منڈی میں سونا سستا 

امریکا، ایران کشیدگی کے باوجود عالمی منڈی میں سونا سستا 
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

ویب ڈیسک : سونے کی قیمتوں میں جمعہ کے روز کمی ریکارڈ کی گئی اور قیمتی دھات ہفتہ وار بنیادوں پر بھی خسارے کی جانب گامزن رہی۔ ماہرین کے مطابق امریکا اور ایران کے درمیان بڑھتی کشیدگی، مہنگائی کے خدشات اور امریکی فیڈرل ریزرو کی ممکنہ سخت پالیسی نے سونے کی مارکیٹ پر دباؤ بڑھایا ہے۔

 رائٹرز کے مطابق اسپاٹ گولڈ کی قیمت میں 0.2 فیصد کمی کے بعد یہ 4 ہزار 113 ڈالر فی اونس پر آ گئی، جبکہ امریکی گولڈ فیوچرز بھی 0.4 فیصد کمی کے ساتھ 4 ہزار 122 ڈالر فی اونس پر رہے۔ ہفتہ وار بنیاد پر سونا تقریباً 1.5 فیصد کمی کی جانب بڑھ رہا ہے۔

 مارکیٹ تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ امریکا اور ایران کے درمیان جاری کشیدگی نے تیل کی قیمتوں میں اضافے کے خدشات پیدا کیے ہیں، جس سے مہنگائی بڑھنے اور امریکی فیڈ کی جانب سے شرح سود میں اضافے کے امکانات مضبوط ہوئے ہیں۔

 ماہرین کے مطابق سونا عام طور پر مہنگائی کے خلاف محفوظ سرمایہ کاری سمجھا جاتا ہے، تاہم بلند شرح سود کے ماحول میں چونکہ سونے سے منافع حاصل نہیں ہوتا، اس لیے سرمایہ کار دیگر مواقع کی جانب بھی متوجہ ہو سکتے ہیں۔

 سی ایم ای فیڈ واچ ٹول کے مطابق رواں سال ستمبر میں امریکی شرح سود میں اضافے کے امکانات 63 فیصد تک پہنچ گئے ہیں، جو ایک ہفتہ قبل تقریباً 54 فیصد تھے۔

دوسری جانب ایچ ایس بی سی نے 2026 اور 2027 کے لیے سونے کی اوسط قیمت کے اندازوں میں کمی کی ہے، جس کی وجہ امریکی پالیسی میں سختی اور ڈالر کی مضبوطی کو قرار دیا گیا ہے۔

 عالمی مارکیٹ میں چاندی کی قیمت میں 0.6 فیصد اضافہ ہوا جبکہ پلاٹینم اور پیلیڈیم کی قیمتوں میں بھی اضافہ ریکارڈ کیا گیا، تاہم تینوں دھاتیں ہفتہ وار بنیاد پر کمی کی جانب بڑھ رہی ہیں۔