ہمارا واٹس ایپ چینل جوائن کریں

امریکا میں تربیتی طیارہ متعدد گاڑیوں سے ٹکرا گیا، ویڈیو وائرل

امریکا میں تربیتی طیارہ متعدد گاڑیوں سے ٹکرا گیا، ویڈیو وائرل
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

ویب ڈیسک: امریکا کی ریاست جارجیا میں گزشتہ روز ایک چھوٹا تربیتی طیارہ (ہاکر بیچ کرافٹ بی ای-36) ہنگامی لینڈنگ کے دوران مصروف شاہراہ پر متعدد گاڑیوں سے ٹکرا گیا، جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئی ہے۔

پولیس کے مطابق سنگل انجن والا یہ طیارہ تربیتی پرواز پر تھا کہ دورانِ پرواز تکنیکی خرابی کے باعث پائلٹ کو ہنگامی لینڈنگ کرنا پڑی۔ حکام کا کہنا ہے کہ طیارے میں اتنی طاقت باقی نہیں رہی تھی کہ وہ واپس ہوائی اڈے تک پہنچ سکتا۔

واقعہ جارجیا کے شہر گینزویل میں پیش آیا، جہاں طیارے نے سڑک پر ہنگامی لینڈنگ کی کوشش کی۔ وائرل ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ طیارہ مصروف سڑک پر لینڈ کرتا ہے اور اس دوران متعدد گاڑیوں سے ٹکرا جاتا ہے۔

پولیس کے مطابق حادثے کے نتیجے میں چند افراد کو معمولی چوٹیں آئیں۔ لینڈنگ کے بعد طیارے کا دایاں بازو ایک گاڑی سے ٹکرایا، جس کے باعث طیارے کا فیول ٹینک الگ ہو گیا۔ بعد ازاں طیارہ ایک گاڑی کے پچھلے حصے سے ٹکرا کر دوسری گاڑی میں جا گھسا۔

حادثے کے بعد متاثرہ شاہراہ کو ٹریفک کے لیے بند کر دیا گیا جبکہ مقامی رہائشیوں کو طویل ٹریفک جام کی توقع رکھنے کی ہدایت کی گئی۔

نیشنل ٹرانسپورٹیشن سیفٹی بورڈ (این ٹی ایس بی) کے مطابق طیارہ گینزویل کے لی گلمر میموریل ایئرپورٹ سے کینٹن کے چیروکی کاؤنٹی ریجنل ایئرپورٹ کی جانب جا رہا تھا کہ روانگی کے کچھ ہی دیر بعد پائلٹ کو انجن میں مسائل کا سامنا کرنا پڑا۔

این ٹی ایس بی کے بیان کے مطابق پائلٹ نے گینزویل واپس لینڈ کرنے کی کوشش کی، تاہم طیارے میں مطلوبہ طاقت نہ ہونے کے باعث سڑک پر ہنگامی لینڈنگ کرنا پڑی، جہاں طیارہ تین گاڑیوں سے ٹکرا گیا۔

حکام کا کہنا ہے کہ طیارے میں پیش آنے والی تکنیکی خرابی کی باقاعدہ تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں۔