ویب ڈیسک:سپریم کورٹ کے لیے آٹھ ججوں کی تقرری کے لیے جوڈیشل کمیشن آف پاکستان کا اجلاس آج ہوگا، چیف جسٹس پاکستان اجلاس کی صدارت کریں گے۔
اجلاس میں چاروں ہائی کورٹس سے پانچ پانچ سینئر ججز کے نام پر غور کیا جائے گا۔
ذرائع کے مطابق سندھ اور اسلام آباد ہائی کورٹ سے دو 2 جبکہ پشاور اور بلوچستان ہائی کورٹ سے ایک ایک جج کو سپریم کورٹ تعینات کیے جانے کا امکان ہے۔
اجلاس سے قبل سپریم کورٹ کے چار جج جن میں جوڈیشل کمیشن کے دو ارکان جسٹس منصور علی شاہ اور جسٹس منیب اختر شامل ہیں نے اجلاس موخر کرنے جبکہ کمیشن کے پی ٹی آئی کے رکن علی ظفر نے بھی اجلاس مشروط طور پر موخر کرنے کے لیے خط تحریر کیا۔
واضح رہے کہ ملک بھر سے وکلا کی چھ نمائندہ تنظیموں نے جوڈیشل کمیشن اجلاس کے خلاف کچھ وکلا کے احتجاج کو مسترد کردیا۔
ان تنظیموں کا کہنا ہے کہ وکلا کے اندر کچھ سیاسی گروپوں نے اپنے مذموم عزائم کی خاطر اور اپنے متنازعہ سیاسی ایجنڈے کے لیے جوڈیشل کمیشن اجلاس کے خلاف احتجاج اور ہڑتال کی اپیل کی ہے، ہم اس اپیل کو سختی سے مسترد کرتے اور اس کی مذمت کرتے ہیں۔
مشترکہ بیان جاری کرنے والوں میں پاکستان بار کونسل، سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن، پنجاب بار کونسل، خیبر پختونخوا بار کونسل، بلوچستان ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن اور سندھ ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن شامل ہیں۔