طاہر جمیل: اے ڈی سی آر لاہور حافظ کریم داد چغتائی کی زیر صدارت نادر ہال میں ریونیو کھلی کچہری کا انعقاد کیا گیا، جہاں شہریوں کے جائیداد اور ریونیو ریکارڈ سے متعلق مسائل کی سماعت کی گئی ہے۔
کھلی کچہری کے دوران جائیداد اور ریکارڈ سے متعلق 39 کیسز کی سماعت ہوئی۔ اے ڈی سی آر نے شہریوں کی درخواستوں پر ریونیو ریکارڈ اور کیسز کی نوعیت کا باریک بینی سے جائزہ لیا اور متعلقہ افسران کو میرٹ کے مطابق کیسز نمٹانے کی ہدایات دیں۔
حکام کے مطابق ریونیو کیسز کو میرٹ پر نمٹانے کے باعث زیر التوا مقدمات کی شرح میں نمایاں کمی آئی ہے۔ اس موقع پر حافظ کریم داد چغتائی نے کہا کہ شہریوں کے ریونیو مسائل کا حل ضلعی انتظامیہ کی اولین ترجیح ہے۔
اے ڈی سی آر لاہور نے کہا کہ ریونیو کھلی کچہری کا مقصد شہریوں کے مسائل براہ راست سننا اور کیسز کو میرٹ و شفافیت کے ساتھ جلد نمٹانا ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ جائیداد کی منتقلی اور انتقال کے عمل میں غیر ضروری تاخیر کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی۔
حافظ کریم داد چغتائی کے مطابق تمام ریونیو کیسز کے فیصلے خالصتاً میرٹ اور قانون کے مطابق کیے جا رہے ہیں، جبکہ شہریوں کو بروقت ریلیف کی فراہمی یقینی بنانے کے لیے اقدامات جاری ہیں۔