ہمارا واٹس ایپ چینل جوائن کریں

سب انسپکٹر سے ڈی ایس پی تک ترقیاں کیوں رکیں؟ آئی جی پنجاب کا بڑا فیصلہ سامنے آگیا

سب انسپکٹر سے ڈی ایس پی تک ترقیاں کیوں رکیں؟ آئی جی پنجاب کا بڑا فیصلہ سامنے آگیا
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

علی ساہی:پنجاب پولیس میں سب انسپکٹر سے ڈی ایس پی رینک تک ترقیوں میں تاخیر کی بڑی وجہ سامنے آگئی ہے۔ آئی جی پنجاب نے واضح ہدایات جاری کرتے ہوئے ایلیٹ اورینٹیشن کورس (EOC) کو اگلے رینک میں ترقی کے لیے لازمی قرار دے دیا ہے۔

جاری مراسلے کے مطابق اب کوئی بھی افسر ایلیٹ اورینٹیشن کورس مکمل اور پاس کیے بغیر اگلے رینک میں ترقی حاصل نہیں کرسکے گا۔ مراسلے میں بتایا گیا ہے کہ گزشتہ برسوں کے دوران متعدد افسران کو ای او سی پاس کیے بغیر ہی ترقی دے دی گئی تھی، جس کے بعد اس معاملے کا باقاعدہ جائزہ لینے کا فیصلہ کیا گیا۔

آئی جی پنجاب نے 2012 سے اب تک ای او سی میں ناکام رہنے والے اے ایس آئیز کی فہرست طلب کرلی ہے، جبکہ ای او سی فیل ہونے والے سب انسپکٹرز کی مکمل فہرست بھی تمام متعلقہ حکام سے سات روز کے اندر طلب کی گئی ہے۔

نئے احکامات کے تحت ڈائریکٹ اے ایس آئی، سب انسپکٹر اور انسپکٹر کے لیے ایلیٹ اورینٹیشن کورس لازمی ہوگا۔ پولیس رولز 1934 کے تحت ای او سی کو تربیتی نصاب کا لازمی حصہ قرار دیا گیا ہے۔

مراسلے میں واضح کیا گیا ہے کہ ای او سی پاس کیے بغیر سب انسپکٹر سے انسپکٹر اور انسپکٹر سے ڈی ایس پی کے عہدے پر ترقی نہیں دی جائے گی۔ تمام ریجنل افسران کو ہدایت کی گئی ہے کہ کسی بھی افسر کی تصدیق یا ترقی سے قبل ای او سی کی تکمیل ضرور چیک کی جائے۔

آئندہ ای او سی کی تکمیل کے لیے ایف لسٹ میں الگ کالم شامل کیا جائے گا۔ مزید برآں، ای او سی مکمل کیے بغیر افسران کو کیٹیگری اے، بی، سی اور ڈی کا کوئی تربیتی کورس بھی نہیں دیا جائے گا۔

آئی جی پنجاب نے تمام آر پی اوز اور ڈی پی اوز کو مراسلہ بھجوا کر ان احکامات پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنانے کی ہدایت کی ہے۔ مراسلے کے مطابق احکامات پر عمل نہ کرنے والے افسران کے خلاف محکمانہ کارروائی کی جائے گی۔