طاہر جمیل: ڈپٹی کمشنر لاہور کیپٹن (ر) محمد علی اعجاز نے دریائے راوی اور راوی پل کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے دریائے راوی میں پانی کے بہاؤ اور موجودہ صورتحال کا جائزہ لیا۔
سی او ایم سی ایل کلیم یوسف اور اسسٹنٹ کمشنر راوی حمیرا شاہ بھی ڈپٹی کمشنر لاہور کے ہمراہ تھے۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر لاہور کو دریائے راوی میں پانی کی موجودہ صورتحال، پانی کی سطح اور بہاؤ کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی گئی۔
ڈپٹی کمشنر لاہور نے کہا کہ دریائے راوی میں پانی کی سطح اور بہاؤ کی مسلسل مانیٹرنگ جاری ہے، جبکہ ضلعی انتظامیہ کی ٹیمیں دریا کے کناروں پر چوبیس گھنٹے متحرک ہیں۔
انہوں نے ممکنہ طغیانی سے نمٹنے کے لیے کیے گئے حفاظتی اقدامات کا بھی جائزہ لیا اور متعلقہ افسران کو الرٹ رہنے کی ہدایت کی۔
ڈپٹی کمشنر لاہور کیپٹن (ر) محمد علی اعجاز نے کہا کہ دریائے راوی میں پانی کا بہاؤ فی الحال معمول کے مطابق ہے، تاہم صورتحال کی مسلسل نگرانی کی جا رہی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ شہریوں کے جان و مال کا تحفظ ہماری اولین ترجیح ہے، کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے ضلعی انتظامیہ مکمل طور پر تیار ہے۔