سٹی42: غزہ میں خوراک کے متلاشی 40 افراد سمیت مزید 47 فلسطینی مارے گئے، غذائی قلت سے 11فلسطینی دم توڑ گئے.
غزہ کی جنگ میں مارے گئے فلسطینیوں کی تعداد بڑھ کر 61 ہزار 369 ہوگئی، ایک لاکھ 52 ہزار 850 افراد زخمی ہوچکے ہیں۔آج کھانے کی امداد حاصل کرنے کے لئے نکلنے والے مزید 40 افراد مارے گئے، دیگر واقعات میں مرنے والوں کی تعداد 7 بتائی جا رہی ہے۔
عرب میڈیا کی رپورٹس کے مطابق غزہ میں قابض فوج نے مختلف علاقوں پر حملے کرکے صبح سے اب تک مزید 47 فلسطینیوں کو شہید کردیا۔
آج مرنے والوں میں 40 وہ افراد بھی شامل ہیں جو خوراک کے حصول کے لیے پناہ گزین کیمپوں سے باہر نکلے تھے۔
عرب میڈیا کے مطابق 7 اکتوبر 2023 کے بعد سے اسرائیلی فوج کے حملوں کے باعث غزہ میں مارے جانے والے فلسطینیوں کی مجموعی تعداد 61 ہزار 369 ہوگئی جبکہ اس دوران ایک لاکھ 52 ہزار 850 افراد زخمی ہوچکے ہیں۔
غزہ میں قحط کی صورتحال بھی برقرار ہے جہاں کم خوراکی کے باعث مزید 11 فلسطینی موت کے منہ میں چلے گئے۔اب تک غذائی قلت سے اموات 200 سے تجاوز کر گئیں۔
آج غزہ میں فوجی کارروائی کو مزید بڑھانے کے لئے اسرائیلی منصوبے پر عملدرآمد کیلئے مزید ٹینک غزہ کے بارڈر پر پہنچنا شروع ہوگئے۔
اسرائیل کی فوج کی وسطی غزہ سٹی کے کچھ علاقے خالی کرنے کی وارننگ پر ان علاقوں مین موجود فلسطینیوں نے علاقہ چھوڑنے سے صاف انکار کردیا، ان فلسطینیوں کا کہنا ہے کہ وہ یہیں مریں گے اورکہیں نہیں جائیں گے۔
غزہ کی صورتحال پر اقوام متحدہ سلامتی کونسل کا ہنگامی اجلاس آج اتوار کو ہوگا۔