ویب ڈیسک: لوک سبھا کے اسپیکر اوم برلا نے ایوان کی کارروائی ختم ہونے سے پہلے مرکزی حکومت کے خلاف لائی گئی عدم اعتماد کی تحریک کے خاتمے کا اعلان کیا ہے۔ اس سے قبل اس تحریک عدم اعتماد پر تین روز تک حکمراں جماعت اور اپوزیشن کے ارکان اسمبلی نے اپنی رائے دینے کا سلسلہ جاری رکھا۔
بھارت کی اپوزیشن کی جانب سے یہ تحریک عدم اعتماد وزیراعظم نریندر مودی کو منی پور ک میں خوفناک نسل کشی کے سنگین معاملہ پر اپنے اتحادی وزیراعلی کی پشت پناہی کرنے اور کاموش رہنے کی سزا دینے کے لئے لائی گئی تھی۔ اپوزیشن کی جماعتوں کے سرکردہ رہنماوں نے تحریک عدم اعتماد پر لوک سبھا میں تقریر کرنے کے تمام مواقع منی پور میں انتہا پسندوں کے برپا کردہ فساد پر مودی کی خاموشی اور مودی حکومت کی پالیسیوں پر تنقید کرنے کے لئے استعمال کئے۔
انڈین وزیراعظم نریندر مودی نے لوک سبھا میں مرکزی حکومت کے خلاف پارلیمنٹ میں اپوزیشن کی طرف سے پیش کردہ عدم اعتماد کی تحریک پر بحث کے بعد جواب دیا۔ کانگریس سمیت اپوزیشن نے شروع میں وزیر اعظم کی تقریر سنی لیکن بعد میں واک آؤٹ کر دیا۔
اپنے خطاب کے آغاز میں، انہوں نے کہا ملک کے لوگوں نے بار بار ہماری حکومت پر اعتماد ظاہر کیا ہے اور میں یہاں ملک کے کروڑوں عوام کا شکریہ ادا کرنے آیا ہوںمودی نے کہا کہ آئندہ الیکشن میں عوام کے ووٹ سے بی جے پی پچھلے تمام ریکارڈ توڑتے ہوئے زبردست جیت کے ساتھ واپس آئے گی۔
انہوں نے کہا کہ خدا بڑا مہربان ہے ، میں اسے خدا کا کرم سمجھتا ہوں کہ اس نے اپوزیشن کو تجویز دی اور وہ تحریک لے کر آئے۔ اپوزیشن کی تحریک عدم اعتماد خوش آئند ہے۔ میں نے 2018 ء میں تحریک عدم اعتماد کے دوران کہا تھا کہ یہ ہمارے لیے نہیں ہے بلکہ یہ ان کے لیے فلور ٹیسٹ ہے جس کے نتیجے میں وہ الیکشن ہار گئے۔ پی ایم مودی نے کہا کہ مجھے یقین ہے کہ جب اپوزیشن 2028 میں ہمارے خلاف عدم اعتماد کی تحریک لائے گی تو ہم دنیا کی نمبر تین معیشت بن جائیں گے۔
مودی کے جواب کے بعد لوک سبھا کے اسپیکر نے اس معاملے پر ووٹنگ کروائی جس کے بعد یہ اعلان کیا گیا کہ تحریک عدم اعتماد مسترد کر دی گئی ہے۔
کانگریس کے لیڈر گورو گوگوئی نے مودی حکومت کے خلاف لائے گئے تحریک عدم اعتماد کی ناکامی پر اپنا پہلا ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ یہ تحریک عدم اعتماد لوک سبھا میں میں نے انڈیا الائنس کے رکن کے طور پر پیش کی تھی۔ نریندر مودی اپنی ذمہ داری سے بھاگ رہے ہیں، وہ منی پور کا دورہ نہ کرنے پر اتنے بضد کیوں ہیں؟ منی پور کے وزیراعلیٰ کو کیوں نہیں نکالا گیا؟ منی پور پر اتنی دیر خاموشی کیوں رکھی گئی؟ امن کی اپیل کیوں نہیں کی گئی؟