ملک اشرف : شاہدرہ ٹاؤن میں سیوریج اور سڑک کے کام سے متعلق درخواست،لاہور ہائیکورٹ نے درخواست نمٹا تے ہوئے ڈپٹی کمشنر کو زیر التوا درخواست پر پندرہ روز میں فیصلہ کرنے کی ہدایت کردی ۔
جسٹس راحیل کامران شیخ نے پی ٹی آئی کارکن اکمل خان کی جانب سے دائر پٹیشن پر سماعت کی۔درخواستگزارکی طرف سے سردار خرم لطیف کھوسہ ایڈووکیٹ پیش ہوئے، جبکہ پنجاب حکومت کی نمائندگی اسسٹنٹ ایڈووکیٹ جنرل محمد عثمان خان نے کی۔اسسٹنٹ ایڈووکیٹ جنرل عثمان خان نے بتایاکہ متعلقہ ڈپٹی کمشنر اس معاملے پر پہلے ہی فیصلہ دے چکے ہیں۔ تاہم وکیل درخواست گزار نے اس مؤقف سے اختلاف کرتے ہوئے کہا کہ تاحال کوئی فیصلہ سامنے نہیں آیا۔
جسٹس راحیل کامران شیخ نے ریمارکس دیے کہ اگر فیصلہ نہیں کیا گیا تو عدالت ڈپٹی کمشنر کو اس بارے میں حکم جاری کرے گی۔ اس موقع پر عدالت نے استفسار کیا کہ شاہدرہ کے علاقے کا ایڈمنسٹریٹر کون ہے؟ سرکاری وکیل نے جواب دیا کہ پورے لاہور کا ایک ہی ایڈمنسٹریٹر ہے۔عدالت نے حکم دیا کہ ڈپٹی کمشنر لاہور بطور ایڈمنسٹریٹر زیر التواء درخواست پر پندرہ روز کے اندر فیصلہ کریں اور اس کے ساتھ ہی پٹیشن نمٹا دی گئی۔