ویب ڈیسک: ملکہ برطانیہ کے انتقال پر صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی، وزیراعظم شہباز شریف اور وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری کی جانب سے اظہار تعزیت کیا گیا۔
صدر عارف علوی کا اپنے پیغام میں کہنا تھا کہ ملکہ کو تاریخ میں سنہری حروف سے یاد رکھا جائے گا جبکہ وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان ملکہ کی وفات کے سوگ میں برطانیہ اور دیگر دولت مشترکہ ممالک کے ساتھ ہے۔
وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ ملکہ الزبتھ دوم ایک عہد کی نمائندہ ہیں، ملکہ الزبتھ ہمدردی اور امید کا روپ تھیں۔
مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز نے کہا کہ ملکہ کی وفات سے ایک عظیم روایت اور دور کا خاتمہ ہو گیا۔
سیکرٹری جنرل اقوام متحدہ انٹونیو گوٹریس کا آنجہانی ملکہ الزبتھ دوم کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ برطانیہ پر طویل عرصے تک حکمرانی کرنے والی ملکہ دنیا بھر میں فضل، وقار اور لگن کے لیے پہچانی جاتی تھیں۔
اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں ملکہ کے لیے ایک منٹ کی خاموشی اختیار کی گئی۔
امریکی صدر جو بائیڈن نے احتراماً تمام سرکاری دفاتر پر پرچم سرنگوں رکھنے کا اعلان کیا جبکہ کینیڈا کے وزیراعظم جسٹن ٹروڈو، روس کے صدر ولادمیر پیوٹن، آسٹریلوی وزیراعظم انتھونی البانیز، بھارتی وزیراعظم نریندر مودی اور یورپی یونین چیف نے بھی ملکہ الزبتھ کے انتقال پر افسوس کا اظہار کیا۔ پوپ فرانسس نے ملکہ برطانیہ کے انتقال پر گہرے دکھ کا اظہار کیا۔