ویب ڈیسک: بھارتی حکومت نے ایک معروف سوشل میڈیا پلیٹ فارم کو 8 ہزار سے زائد اکاؤنٹس بند کرنے کا حکم دیا ہے، جن میں بین الاقوامی خبر رساں ادارے، نامور شخصیات اور صحافی بھی شامل ہیں۔
سوشل میڈیا پلیٹ فارم کے ترجمان کے مطابق، بھارتی حکومت کی جانب سے موصول ہونے والی ہدایات میں کہا گیا ہے کہ مخصوص اکاؤنٹس کو فوری طور پر بند کیا جائے، بصورت دیگر کمپنی کو بھاری جرمانوں اور اس کے مقامی ملازمین کی گرفتاریوں کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔
سوشل میڈیا پلیٹ فارم کا مؤقف ہے کہ وہ بھارتی حکومت کے اس مطالبے سے اتفاق نہیں کرتا اور صرف بھارت میں ان اکاؤنٹس تک رسائی محدود کرے گا۔ ترجمان نے مزید کہا کہ کمپنی قانونی چارہ جوئی کے تمام ممکنہ راستوں پر غور کر رہی ہے تاکہ آزادی اظہار اور عالمی قوانین کا تحفظ یقینی بنایا جا سکے۔
یاد رہے کہ یہ پیش رفت ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب بھارت میں اظہار رائے کی آزادی سے متعلق خدشات عالمی سطح پر زور پکڑ رہے ہیں، اور مختلف انسانی حقوق کی تنظیمیں بھارتی پالیسیوں پر تنقید کر رہی ہیں۔