وزیر اعلیٰ پنجاب سے  یورپی یونین کی سفیر ڈاکٹر رینا کیونکا کی قیادت میں وفد کی ملاقات

Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

راؤ دلشاد  : وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف سے  یورپی یونین کی سفیر ڈاکٹر رینا کیونکا کی قیادت میں وفد کی ملاقات ہوئی ۔ 

ملاقات میں یورپی یونین اور پنجاب حکومت کے مابین باہمی اشتراک کار بڑھانے کی ضرورت پر زور دیا گیا۔  وزیر اعلیٰ مریم نواز نے یورپی یونین کے جاری اور مجوزہ منصوبوں کو سراہا اور حکومت کی جانب سے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کروائی۔ 

ملاقات میں اقلیتوں، کمزور کمیونٹیز اور گروپس کے حقوق کے تحفظ اور بین المذاہب ہم آہنگی یقینی بنانے کیلئے حکومتی پالیسی اور اقدامات پر گفتگو کی گئی، اس کے علاوہ پنجاب میں یورپی یونین کے اشتراک سے جاری ہیومین ڈویلپمنٹ پراجیکٹ پر بات چیت کی گئی۔

ملاقات میں یورپی ممالک کو برآمدات میں اضافہ اور پاکستان میں سرمایہ کاری کو فروغ دینے پر تبادلہ خیال کیا گیا، اس کے علاوہ موسمیاتی تبدیلی کے منفی اثرات سے نمٹنے کے لیے مشترکہ کوششوں کی اہمیت پر زو ر دیا گیا۔ 

وزیر اعلیٰ مریم نواز نے ڈاکٹر رینا کیونکا کو چیف منسٹر پلانٹ فار پاکستان کی کامیاب مہم سے آگاہ کیا، ڈاکٹر رینا کیونکا نے موسمیاتی تبدیلی سے نمٹنے کیلئے مریم نواز شریف کی کاوشوں کو سراہا۔

 مریم نواز شریف کا کہناتھا کہ ماحولیاتی تبدیلی کے سنگین چیلنجز کا سامنا ہے، جامع پالیسی پرکام کررہے ہیں۔ حکومت نے مستقل بنیادوں پر سموگ کنٹرول یونٹ تشکیل دیا ہے۔ کاربن اخراج کو کم کرنے کیلئے پنجاب حکومت ماحول دوست میٹرو بسوں کا منصوبہ شروع کیا ہے۔ 5جون سے پنجاب میں پلاسٹک بیگزکے استعمال پر پابندی ہے۔گاڑیوں سے دھویں کے اخراج کو کم کرنے کیلئے وہیکل انسپیکشن اینڈ سرٹیفیکیشن کا مؤثر اور جدید سسٹم نافذ کیا جا رہا ہے۔ پاکستان اور یورپی یونین کے درمیان اقتصادی تعلقات مضبوط اور کثیر الجہتی ہیں۔پنجاب سے یورپی ممالک کوٹیکسٹائل کی برآمدات بڑھانا چاہتے ہیں۔ یورپ  کےلئے پنجاب کے عمدہ ترین چاول کی برآمد مزید بڑھا نا چاہتے ہیں۔  ٹیکنالوجی کی منتقلی اور بنیادی ڈھانچے کی بہتری کے لئے یورپی یونین کے اشتراک کار کا خیر مقدم کرینگے ۔ اقتصادی  تعاون کے فروغ سے پائیدار ترقی کے اہداف حاصل کئے جاسکتے ہیں۔ ون ونڈو آپریشن کے تحت  سرمایہ کاروں کو تمام سہولیات ایک چھت تلے فراہم کی جارہی ہے۔ 

 ڈاکٹر رینا کیونکا کا کہنا تھا کہ یورپی یونین جی ایس پی پلس جیسے اقدامات کے ذریعے پاکستان کی معیشت کے استحکام کے لئے پرعزم ہے۔

یورپی یونین تجارت اور سرمایہ کاری کی حوصلہ افزائی کے ذریعے پاکستان کی معاشی بحالی میں اہم کردار ادا کرتی ہے۔ جی ایس پی پیلس ممالک کیلئے ماحولیاتی تحفظ، گڈ گورننس، انسانی حقوق، مزدوروں کے حقوق سے متعلق کنونشنز پر عمل درآمد ضروری ہے۔ 
سینٹر پرویز رشید ، سینئر منسٹر مریم اورنگ زیب بھی اس موقع پر موجود تھیں۔