ہمارا واٹس ایپ چینل جوائن کریں

ایران کشیدگی کے بعد اسرائیل میں زخمیوں کی تعداد 1900 سے تجاوز کر گئی

ایران کشیدگی کے بعد اسرائیل میں زخمیوں کی تعداد 1900 سے تجاوز کر گئی
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

ویب ڈیسک:اسرائیلی وزارت صحت کے مطابق ایران کے ساتھ کشیدگی کے بعد ملک بھر میں زخمیوں کی تعداد بڑھ کر 1900 سے تجاوز کر گئی ہے، جبکہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 157 زخمیوں کو ہسپتال منتقل کیا گیا۔

 اسرائیلی وزارت صحت نے  28 فروری کو ایران پر حملے کے بعد سے ایرانی فوج، لبنان کی حزب اللہ کے حملوں میں  13 افراد کے مارے جانے  کی تصدیق کی ہے اور بتایا ہے کہ زخمیوں میں سے 112 افراد اب بھی ہسپتالوں میں داخل ہیں جن کی حالت تشویش ناک ہے۔

 اسرائیلی ریسکیو سروسز  نے بتایا کہ اسرائیلی دارالحکومت تل ابیب پر ایرانی کے تازہ میزائل حملے میں 6 افراد زخمی ہوئے ہیں۔

اسرائیل کے پولیس حکام کے مطابق آج  وسطی اسرائیل میں ایک درجن سے زائد مقامات پر میزائل یا اس کے ٹکڑے گرنے کی اطلاعات ملی ہیں۔ حکام کا کہنا ہے کہ مختلف مقامات پر ہونے والے اثرات سے اندازہ ہوتا ہے کہ ممکنہ طور پر ایرانی بیلسٹک میزائل میں کلسٹر بم وارہیڈ نصب تھا۔

 دوسری جانب جنوبی لبنان میں حزب اللہ کے حملے میں 2 اسرائیلی فوجی ہلاک ہوگئے۔

 اسرائیلی فوج کے مطابق ہلاک ہونے والے فوجیوں میں سارجنٹ فرسٹ کلاس ماہر خطار اور ایک دوسرا فوجی شامل ہے جس کا نام بعد میں جاری کیا جائے گا۔

اسرائیلی میڈیا کے مطابق آج دو فوجیوں کے مرنے کا واقعہ جنوبی لبنان میں ایک فوجی چوکی کے قریب پیش آیا جو اسرائیلی سرحدی بستی منارا کے سامنے واقع ہے۔

 ابتدائی فوجی تحقیقات کے مطابق علاقے میں کارروائی کے دوران ایک پیوما بکتر بند گاڑی کو نکالنے کے لیے فوج نے ایک اور پیوما بکتر بند گاڑی اور دو ڈی 9 بکتر بند بلڈوزر بھیجے۔

 فوج کے مطابق بلڈوزروں میں سے ایک کو ایک گولہ لگا جو ممکنہ طور پر اینٹی ٹینک میزائل یا مارٹر تھا جس سے آگ بھڑک اٹھی اور دونوں فوجی ہلاک ہو گئے، اس واقعے میں ایک افسر معمولی زخمی بھی ہوا۔