ویب ڈیسک: سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی دل دہلا دینے والی ویڈیو میں 18 سالہ لڑکی کو دیکھا جاسکتا ہے جو اپنے ساتھ پیش آنے والے حادثے سے بے خبر ہے، یہ واقعہ بھارتی ریاست راجستھان کے ضلع الور کے علاقہ ’ جے کے نگر‘ میں پیش آیا۔
ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ ایک لڑکی اپنے موبائل پر بات کرتے ہوئے جارہی ہے کہ اچانک پیچھے سے نصف درجن سے زائد کتے آئے اور لڑکی پر حملہ کردیا، اس حملے میں لڑکی حواس باختہ ہوگئی اور خوف کے مارے چیخنے لگی، اسی دوران ایک خاتون موٹرسائیکل پر وہاں پہنچی اور اس نے لڑکی کی کتوں سے جان بچائی۔
ویڈیو میں دیکھا جاسکتا کہ بعدازاں آس پاس کے گھروں سے بھی لوگ باہر نکلے آئے مگر تب تک خاتون کتوں کو دور بھگا چکی تھی۔
مقامی اطلاعات کے مطابق، کتوں کے اچانک حملے نتیجے میں نوجوان لڑکی کو شدید چوٹیں آئیں، راہگیروں نے فوری طور پر اسےاسپتال منتقل کیا، جہاں اس کا علاج جاری ہے۔
اس واقعے کے بعد مقامی انتظامیہ پر آوارہ کتوں کے مسئلے سے نمٹنے کے لیے دباؤ بڑھ گیا ہے۔
شہریوں نے حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ علاقے میں آوارہ کتوں کے خلاف فوری اقدامات کیے جائیں تاکہ مستقبل میں ایسے واقعات کو روکا جا سکے۔