(سعدیہ خان) وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری کہتے ہیں پاکستان کے امن کے بیانیہ کو پوری دنیا کی حمایت حاصل ہے، آئی سی سی بھارتی کرکٹ ٹیم پر پابندی لگائے، کھیل اور سیاست کو اکھٹا نہ کیا جائے۔
وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے صوبائی وزیر سوشل ویلفیئر اینڈ بیت المال اجمل چیمہ کے ہمراہ سوشل ویلفیئر کمپلیکس لاہور کا دورہ کیا، اس موقعہ پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انکا کہنا تھا کہ پاکستان کے امن کے بیانیے کو پوری دنیا کی حمایت حاصل ہے۔ کالعدم تنظیموں کے خلاف کارروائیاں کسی کو خوش کرنے کیلئے نہیں بلکہ ملکی مفاد میں کی جارہی ہیں، فواد چودھری کا کہنا تھا کہ ہم نے دسمبر سے ہی کہہ دیا تھا کہ مودی الیکشن جیتنے کیلئے مختلف ہتھکنڈے استعمال کرے گا۔
اس نے کھیل سمیت ہندوستان کے تمام طبقات کو جنگ کی آگ میں دھکیل دیا ہے، آئی سی سی بھارتی ہٹ دھرمی کا نوٹس لیتے ہوئے اسکی کرکٹ ٹیم پر پابندی لگائے، ایک سوال کے جواب میں وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ وزیراعظم نے پنجاب حکومت کو نواز شریف کی صحت کے حوالے سے تمام سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت کی ہے۔
کسی کی صحت پر سیاست نہیں ہونی چاہیے مگر ن لیگ میں موجود ایک طبقہ اس پر سیاست کرنا چاہ رہا ہے۔