ہمارا واٹس ایپ چینل جوائن کریں

لاہور ہائیکورٹ کا ناقص تفتیش پر اظہارِ برہمی، ڈی پی او ٹوبہ ٹیک سنگھ سے رپورٹ طلب

لاہور ہائیکورٹ کا ناقص تفتیش پر اظہارِ برہمی، ڈی پی او ٹوبہ ٹیک سنگھ سے رپورٹ طلب
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

ملک اشرف: لاہور ہائیکورٹ نے پنجاب فوڈ اتھارٹی کے مقدمے میں تفتیشی افسر کے متضاد مؤقف اور ناقص تفتیش پر سخت برہمی کا اظہار کرتے ہوئے ڈی پی او ٹوبہ ٹیک سنگھ اخلاق اللہ تارڈ سے وضاحت طلب کر لی۔

جسٹس محمد طارق ندیم نے ملزمان ماجد منیر اور ضیاء الرحمن کی عبوری ضمانتوں پر سماعت کی۔ دوران سماعت ڈی پی او ٹوبہ ٹیک سنگھ، پنجاب فوڈ اتھارٹی کے افسران اور ملزمان اپنے وکیل کے ہمراہ عدالت میں پیش ہوئے۔

عدالت نے نشاندہی کی کہ گزشتہ سماعت پر تفتیشی افسر نے ملزم کی گرفتاری ضروری قرار دی تھی، تاہم بعد میں اپنا مؤقف تبدیل کر لیا۔ عدالت نے اس طرز عمل کو غیر مناسب قرار دیتے ہوئے کہا کہ ایسے اقدامات سے تفتیشی نظام کی ساکھ متاثر ہوتی ہے۔

سماعت کے دوران ڈی پی او اخلاق اللہ تارڈ نے عدالت کو بتایا کہ متعلقہ تفتیشی افسر کو شوکاز نوٹس جاری کر دیا گیا ہے، تاہم عدالت نے اس جواب پر عدم اطمینان کا اظہار کیا اور مؤثر کارروائی کی ضرورت پر زور دیا۔

عدالت نے ریمارکس دیے کہ متعدد مقدمات میں تفتیشی افسران پہلے ایک مؤقف اختیار کرتے ہیں اور بعد میں اسے تبدیل کر دیتے ہیں، جس کا تدارک ضروری ہے۔

بعد ازاں عدالت نے ملزمان کی عبوری ضمانتوں میں توسیع کرتے ہوئے سماعت 22 جون تک ملتوی کر دی اور ڈی پی او ٹوبہ ٹیک سنگھ کو آئندہ سماعت پر تفتیشی افسر کے خلاف کی گئی کارروائی کی تفصیلی رپورٹ پیش کرنے کا حکم دیا۔