عرفان ملک: سی سی پی او لاہور بلال صدیق کمیانہ کی زیر صدارت محرم الحرام کے سکیورٹی انتظامات کے حوالے سے اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں مجالس، جلوسوں اور مجموعی امن و امان کی صورتحال کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
اجلاس کے دوران ڈی آئی جی آپریشنز نے محرم الحرام کے جلوسوں اور مجالس کے روٹس، سکیورٹی انتظامات اور شورٹی بانڈز سے متعلق بریفنگ دی۔ سی سی پی او لاہور نے ہدایت کی کہ جلوسوں کے روٹس پر واقع عمارتوں کے مالکان سے لیے گئے شورٹی بانڈز پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنایا جائے۔
بلال صدیق کمیانہ نے کہا کہ محرم الحرام کے دوران قیامِ امن کے لیے بھرپور اور مؤثر سکیورٹی انتظامات کیے جائیں گے۔ انہوں نے تمام پولیس افسران کو ہدایت کی کہ ایس او پیز کے مطابق محرم سکیورٹی پلان کو جلد از جلد حتمی شکل دی جائے۔
سی سی پی او لاہور نے زور دیا کہ محرم سکیورٹی انتظامات کے لیے امن کمیٹیوں، منتظمین، لائسنس ہولڈرز اور دیگر سٹیک ہولڈرز کو اعتماد میں لیا جائے جبکہ افسران ان کے ساتھ مسلسل رابطے میں رہیں۔ انہوں نے مزید ہدایت کی کہ محرم الحرام سے قبل سرچ اینڈ کومبنگ آپریشنز کے ذریعے قانون شکن عناصر کے گرد گھیرا تنگ کیا جائے۔
بعد ازاں اقبال ٹاؤن اور صدر ڈویژنز کی کارکردگی کے حوالے سے الگ جائزہ اجلاس بھی منعقد ہوا، جس میں محرم سکیورٹی پلان، امن و امان اور جرائم کی روک تھام کے اقدامات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
سی سی پی او لاہور نے واضح کیا کہ کسی بے گناہ شہری کی گرفتاری ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی اور خلاف ورزی کی صورت میں ذمہ داروں کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ انہوں نے شہریوں کو فوری انصاف کی فراہمی کو یقینی بنانے کی بھی ہدایت کی۔
بلال صدیق کمیانہ نے منشیات کے خاتمے اور جرائم کی بیخ کنی کے لیے مؤثر اقدامات جاری رکھنے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ پولیس افسران منشیات سے پاک معاشرے کے قیام میں اپنا فعال کردار ادا کریں۔ انہوں نے ماڈرن نشوں کے خلاف کارروائیاں مزید تیز کرنے اور اشتہاری مجرمان کے خلاف آپریشنز کی خود نگرانی کرنے کی ہدایت بھی کی۔
اجلاس میں ڈی آئی جی ایڈمن عمران کشور، ڈی آئی جی انویسٹی گیشن ذیشان رضا، ڈی آئی جی آپریشنز محمد فیصل کامران، سی ٹی او عبدالرحیم شیرازی، ایس ایس پی انویسٹی گیشن محمد نوید، ایس ایس پی آپریشنز توقیر محمد نعیم، ایس پی سکیورٹی، ایس پی ڈولفن، ایس پی ہیڈکوارٹرز اور تمام ڈویژنل ایس پیز نے شرکت کی۔