( عثمان علیم ) شہر میں سپیشل ایجوکیشن ادارے شدید مالی بحران سے دوچار ہوگئے، تیسرے اور چوتھے کواٹر کا بجٹ سپیشل ایجوکیشن اداروں کے سربراہان کو تاحال نہ مل سکا، مفت کتابوں اور ماہانہ وظیفوں کی فراہمی متاثر ہوگئی۔
تفصیلات کے مطابق کورونا کے اثرات محکمہ سپیشل ایجوکیشن پر بھی اثر انداز ہونے لگے ہیں، شہر میں سپیشل ایجوکیشن ادارے شدید مالی بحران سے دوچار ہیں۔ تیسرے اور چوتھے کواٹر کا بجٹ سپیشل ایجوکیشن اداروں کے سربراہان کو تاحال نہ مل سکا۔ بجٹ نہ ملنے سے سپیشل ایجوکیشن اداروں کے انتظامی امور بری طرح متاثر ہونے لگے۔
ڈی ای او سپیشل ایجوکیشن کے مطابق ڈسٹرکٹ ایجوکیشن اتھارٹی کو بارہا درخواستوں کے باجود تاحال سپیشل ایجوکیشن اداروں کے سربراہان کو بجٹ جاری نہیں کیا گیا۔ بجٹ نہ ملنے سے سپیشل بچوں میں مفت یونیفارم کی فراہمی، ماہانہ آٹھ سو کا وظیفہ، کتابوں کی فراہمی، ہاسٹل میں موجود سپیشل بچوں کو کھانے کی فراہمی، عمارتوں کے رینٹ، سکیورٹی گارڈ کی تنخواہوں اور ٹرانسپورٹ رپیئرنگ سمیت دیگر انتظامی امور بری طرح متاثر ہیں۔
ایجوکیشن کا تیسرے اور چوتھے کواٹر میں سپیشل ایجوکیشن اداروں کے لیے مختص بجٹ کی جلد از جلد فراہمی کو یقینی بنانے کے لیے ڈپٹی کمشنر کو مراسلہ بھی لکھا گیا ہے، جس میں کہا گیا ہے کہ بجٹ جاری نہ ہوا تو سپیشل ایجوکیشن اداروں کے تمام انتظامی معاملات بری طرح متاثر ہونگے۔
ادھر کورونا وائرس نے پاکستان کے شہریوں کو آسان ہدف بنا لیا۔ نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق ملک میں کورونا سے مزید 107 افراد انتقال کرگئے جس کے بعد اموات کی مجموعی تعداد 2171 ہوگئی جب کہ نئے کیسز سامنے آنے کے بعد مریضوں کی تعداد 107845 تک پہنچ گئی ہے۔
اب تک پنجاب میں کورونا سے 773 اور سندھ میں 679 افراد انتقال کرچکے ہیں جب کہ خیبر پختونخوا میں 587 افراد جاں بحق ہو چکے ہیں۔اس کے علاوہ بلوچستان میں 58، اسلام آباد 52، گلگت بلتستان میں 14 اور آزاد کشمیر میں مہلک وائرس سے 8 افراد جاں بحق ہو چکے ہیں۔