طاہر جمیل:ڈپٹی کمشنر لاہور کیپٹن (ر) محمد علی اعجاز کی ہدایت پر شہریوں کے ریونیو سے متعلق مسائل کے فوری ازالے کے لیے ریونیو کھلی کچہری کا انعقاد کیا گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق کھلی کچہری میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو حافظ کریم داد چغتائی نے خود سائلین کی شکایات سنیں، جبکہ متعلقہ ریونیو افسران بھی موقع پر موجود رہے۔
ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو نے مختلف زیر التوا ریونیو کیسز کی سماعت کی اور ریونیو ریکارڈ کی موقع پر ہی مانیٹرنگ اور جانچ پڑتال کی۔ اس دوران متعدد پیچیدہ مقدمات کو فوری طور پر حل کرتے ہوئے متعلقہ افسران کو ضروری ہدایات بھی جاری کی گئیں۔
اس موقع پر حافظ کریم داد چغتائی نے کہا کہ ریونیو سے متعلق تمام عوامی شکایات کو میرٹ اور قانون کے مطابق ترجیحی بنیادوں پر نمٹایا جا رہا ہے۔
انہوں نے عملے کو ہدایت کی کہ شہریوں کو زیادہ سے زیادہ ریلیف فراہم کیا جائے اور کسی بھی درخواست کو بلاوجہ زیر التوا نہ رکھا جائے۔
انہوں نے مزید ہدایت کی کہ کھلی کچہری میں پیش ہونے والے تمام مقدمات کا مکمل ریکارڈ مرتب کیا جائے، جبکہ ہر کیس کا فیصلہ شفاف انداز میں میرٹ اور قانون کے مطابق یقینی بنایا جائے۔