جنید ریاض: پنجاب ایگزامینیشن کمیشن ٹرانزیشن اتھارٹی (پیکٹا) نے گریڈ 8 کے سالانہ امتحانات 2027 کے لیے طلبہ کی رجسٹریشن کی آخری تاریخ میں ایک ماہ کی توسیع کر دی ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ نئے شیڈول کے مطابق اب گریڈ 8 کے طلبہ کی رجسٹریشن 8 اگست 2026 تک مکمل کی جا سکے گی۔
پیکٹا کی جانب سے جاری ہدایات کے مطابق تمام رجسٹریشن صرف سرکاری اسکولوں کے آفیشل لاگ اِن کے ذریعے مکمل کی جائے گی۔ اس حوالے سے تمام ڈسٹرکٹ ایجوکیشن اتھارٹیز (ڈی ای ایز) کے چیف ایگزیکٹو افسران کو باقاعدہ احکامات جاری کر دیے گئے ہیں۔
اتھارٹی نے ہدایت کی ہے کہ نظرثانی شدہ شیڈول کے مطابق رجسٹریشن کا عمل مقررہ مدت کے اندر ہر صورت مکمل کیا جائے تاکہ امتحانی انتظامات بروقت انجام دیے جا سکیں۔
پیکٹا نے یہ بھی واضح کیا ہے کہ اس کے تحت پانچویں جماعت کے سالانہ امتحان کی رجسٹریشن کی آخری تاریخ بھی 8 اگست 2026 مقرر کر دی گئی ہے۔
یاد رہے کہ آج صوبائی وزیر تعلیم رانا سکندر حیات کی زیر صدارت پنجاب کے نئے تعینات ہونے والے چیئرمین تعلیمی بورڈز کا تعارفی اجلاس منعقد ہوا، جس میں امتحانی نظام میں اصلاحات، شفافیت اور جدید ٹیکنالوجی کے فروغ سے متعلق اہم امور پر تبادلہ خیال کیا گیا ہے۔ اجلاس کے دوران وزیر تعلیم نے نئے چیئرمینز کو وزیراعلیٰ پنجاب کے تعلیمی ویژن اور جاری اصلاحاتی ایجنڈے سے بھی آگاہ کیا۔
رانا سکندر حیات نے کہا کہ حکومت امتحانی نظام کو عالمی معیار کے مطابق بنانے کے لیے عملی اقدامات کر رہی ہے اور بوٹی مافیا، نقل مافیا اور امتحانی بے ضابطگیوں کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی بدستور برقرار رہے گی۔ انہوں نے واضح کیا کہ تعلیمی بورڈز میں موجود بدعنوان عناصر اور مافیا کا خاتمہ تمام متعلقہ اداروں کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔
وزیر تعلیم نے ہدایت کی کہ امتحانی عمل اور نتائج کی تیاری میں ڈیجیٹل اصلاحات متعارف کرائی جائیں جبکہ سپلیمنٹری امتحانات میں آن لائن اسکرین مارکنگ کو پائلٹ پراجیکٹ کے طور پر شروع کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ تعلیمی بورڈز کو جدید ٹیکنالوجی سے ہم آہنگ کرنا حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔
انہوں نے نئے چیئرمین بورڈز پر زور دیا کہ وہ جاری اصلاحات کے تسلسل کو مزید مؤثر انداز میں آگے بڑھائیں اور اپنی پیشہ ورانہ ذمہ داریاں پوری دیانت داری سے انجام دیں، کیونکہ وہ لاکھوں طلبہ کے مستقبل کے امین ہیں اور انہیں اس مینڈیٹ کا حق ادا کرنا ہوگا۔