سٹی 42 : پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو نے کہا ہے کہ بھارت اور پاکستان کی نئی نسل اپنی قسمت خود لکھ سکتی ہے، ہم وہ نسل ہوں گے جو جنگی جنونیوں سے الگ راستہ چنیں گے۔
چیئرمین بلاول بھٹو نے بھارتی صحافی کرن تھاپر کو انٹرویو دینے سے متعلق سوشل میڈیا بیان دیتے ہوئے کہا کہ ہمیں بھارتی میڈیا کےذریعہ اپنا کیس بھارتی عوام کےسامنے پیش کرنے میں کوئی خوف نہیں ہے، میں بھارتی عوام خصوصاً نوجوانوں پر یقین رکھتا ہوں، ہم وہ نسل ہیں جو تاریخ کی زنجیریں توڑے گی۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے مستقبل کا فیصلہ ماضی کے تنازعات نہیں کریں گے۔
بلاول بھٹو نے کہا کہ دہشتگردی، ماحولیاتی تبدیلی اور عدم مساوات جیسے چیلنجز کا مقابلہ مل کر کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ پُرامن بقائے باہمی ،تعاون اور خوش حالی کے ذریعے مستقبل کےفیصلے کریں گے۔