ویب ڈیسک: پاکستان کے علاوہ بھارت میں بھی آوارہ کتوں کی بہتات ہے، آوارہ کتے کمسن بچے، بچیوں کو اپنا نشانہ بنارہے ہیں، بھارت میں متعدد واقعات کی ویڈیوز منظرعام پر آچکی ہے، اب ایک اور نئی ویڈیو سامنےآئی ہے جس میں کتوں نے 5 سالہ بچے کو بری طرح زخمی کردیا۔
بھارت کی ریاست اتر پردیش کے شہر’ کاسیا‘ میں یہ خوفناک واقعہ پیش آیا، سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ ایک 5 سالہ بچے کو آوارہ کتے بری طرح کاٹ رہے ہیں۔
واقعہ گزشتہ روز شہر’ کاسیا‘ کے محلےوارڈ نمبر 26 میں پیش آیا، کتے گیٹ کے باہر کھڑے پانچ سالہ بچے کو گھسیٹ کر سڑک پر لے گئے اور اسے کاٹنا شروع کردیا، ویڈیو کو وہاں نصب کئے گئے کیمرے نے محفوظ کیا۔
محلے میں رہنے والی ایک خاتون نے سی سی ٹی وی فوٹیج میں بچے کو کتوں کے گھیرے میں دیکھا تو گھر سے فوراً بھاگی آئی اور بچے کو آوارہ کتوں کے چنگل سے آزاد کرایا۔
تاہم اس وقت تک ان کے جسم پر 18 سے زائد زخم ہو چکے تھے۔ بچے کو علاج کے لیے بھارت کے ایک ہسپتال منتقل کردیا گیا۔
ویڈیو کے سامنے آنے پر بھارتی سوشل میڈیا صارفین اس واقعہ پر افسوس کا اظہار کررہے ہیں اور والدین کو ہدایت کررہے ہیں کہ اپنے بچوں کا خیال رکھیں!
یاد رہے کہ گزشتہ روز ایک ہی واقعہ لاہور شہر میں بھی پیش آیا تھا، شاہ جمال کالونی کے 4سالہ محمد فواد پرپالتو کتے نےحملہ کیا تھا، کتے نے مبینہ طور پر بچے کو بری طرح زخمی کر دیا۔
4سالہ فواد کو گردن، چھاتی اور کمر پر گہرے زخم آئے، متاثر بچے کے والد کا کہنا تھا کہ فواد گھر سے چیز لینے کےلئے باہر نکلا، تب کتے نے حملہ کیا۔
اہل علاقہ نے بامشکل بیٹے کی جان بچائی،والد زیب خان نے کتے کے مالک پر تھانہ اچھرہ میں مقدمہ درج کروا دیا۔