( اکمل سومرو ) پنجاب یونیورسٹی نے بھی مہنگائی کی بہتی گنگا میں ہاتھ دھو لیے، بی اے، ایم اے، ایل ایل بی، ایل ایل ایم اور ایم اے کی فیسوں میں 16 فیصد تک اضافہ کر دیا گیا، طلباء کو امتحانی سنٹر تبدیل کرانے پر بھی الگ سے فیس جمع کرانا ہوگی۔
پنجاب یونیورسٹی نے ڈگریوں اور رجسٹریشن سمیت 55 پروگرامز کی فیسوں میں اضافہ کردیا ہے۔ پنجاب یونیورسٹی سنڈیکیٹ نے نئے بجٹ میں طلباء کی فیسوں میں اضافے کی منظوری دے دی ہے، جاری نوٹیفکیشن کے مطابق بی اے پارٹ ون، پارٹ ٹو کی فیس 4900 روپے، بی ایس سی پارٹ ون، پارٹ کی فیس 5650 روپے، بی اے مشترکہ امتحان کی فیس 5325 روپے، بی ایس سی مشترکہ امتحان کی فیس 6640 روپے کردی ہے جبکہ بی سی ایس کی فیس 6600 روپے، بی ایف اے کی فیس 6200 روپے سالانہ کردی ہے۔
اسی طرح بی ایس سی میڈیکل لیبارٹری کی فیس 6600 روپے، بی ایڈ کی فیس 6270 روپے، بی کام کی فیس 5250 روپے، ایم اے پارٹ ون، ٹو کی فیس 5650 روپے کردی گئی ہے جبکہ ایل ایل ایم کی فیس 9130 روپے، ڈپلومہ ان میڈیکل کی فیس 12800 روپے اور ایل ایل بی کی فیس 6600 روپے کردی ہے۔