(ویب ڈیسک)بھارت کی کرکٹ ٹیم کے معروف کھلاڑی روہت شرما کی اہلیہ رِتیکا سجدہ نے حال ہی میں ایک نیا اپارٹمنٹ خریدا ہے۔ ممبئی میں واقع اس اپارٹمنٹ کی قیمت 26 کروڑ روپے (80 کروڑ پاکستانی روپے) سے بھی زیادہ بتائی جا رہی ہے۔ رِتیکا کا یہ نیا گھر دیکھنے میں کسی شاہی محل سے کم نہیں ہے۔یہ نیا گھر ایک جدید ہائی رائز عمارت میں واقع ہے۔
بھارتی ذرائع ابلاغ کی رپورٹس کے مطابق بھارت کی کرکٹ ٹیم کے اسٹار کھلاڑی روہت شرما کی اہلیہ رِتیکا سجدہ اس وقت اپنا نیا گھر خریدنے پر خبروں کی زینت بنی ہوئی ہیں۔ رِتیکا نے حال ہی میں ممبئی میں ایک نیا لگژری اپارٹمنٹ خریدا ہے۔ روہت اور رِتیکا کا یہ نیا گھر پربھا دیوی علاقے میں واقع آہوجا ٹاورز میں ہے، جس کی قیمت تقریباً 26 کروڑ 30 لاکھ روپے بتائی جا رہی ہے۔رِتیکا نے یہ اپارٹمنٹ گزشتہ سال دسمبر میں خریدا تھا، جس کے لیے انہیں تقریباً 1 کروڑ 31 لاکھ روپے بطور اسٹامپ ڈیوٹی ادا کرنی پڑی۔رِتیکا کا یہ نیا گھر ایک جدید ہائی رائز عمارت میں واقع ہے۔ اس اپارٹمنٹ کے ساتھ تین گاڑیوں کے لیے پارکنگ کی سہولت بھی شامل ہے۔ اگر کارپٹ ایریا کی بات کی جائے تو یہ اپارٹمنٹ تقریباً 2760 اسکوائر فٹ پر محیط ہے، جو اسے نہایت کشادہ اور آرام دہ بناتا ہے۔
روہت شرما کی اہلیہ رِتیکا نےجس ٹاور میں اپارٹمنٹ خریدا ہے وہ ورلی، لوئر پریل اور بی کے سی جیسے اہم علاقوں کے بالکل قریب واقع ہے۔ اس کے علاوہ باندرہ-ورلی سی لنک بھی یہاں سے بہت نزدیک ہے، جس کی وجہ سے یہ اپارٹمنٹ ممبئی کے ایک انتہائی پرائم لوکیشن میں شمار کیا جا رہا ہے۔دلچسپ بات یہ ہے کہ اسی عمارت میں روہت شرما پہلے ہی ایک شاندار اپارٹمنٹ خرید چکے ہیں۔ روہت کا یہ اپارٹمنٹ 29ویں منزل پر واقع ہے، جس کی سب سے بڑی خاص بات یہاں سے ملنے والا 270 ڈگری کا شاندار نظارہ ہے۔ دروازہ کھولتے ہی سامنے بحرِ عرب کا دلکش منظر دکھائی دیتا ہے، جو واقعی دیدہ زیب ہے۔ اب رِتیکا نے بھی اسی عمارت میں اپنا نیا اپارٹمنٹ لے لیا ہے۔ روہت شرما کی اہلیہ رِتیکا سجدہ صرف ایک اسٹار وائف ہی نہیں بلکہ ایک کامیاب ورکنگ وومن بھی ہیں۔ انہوں نے طویل عرصے تک اسپورٹس مینجمنٹ کے شعبے میں کام کیا ہے۔ اس کے علاوہ رِتیکا کارنر اسٹون نامی ایک پی آر ایجنسی بھی چلاتی ہیں، جہاں وہ بالی ووڈ کے کئی بڑے ستاروں کا مینجمنٹ سنبھالتی ہیں۔