ویب ڈیسک: برطانیہ اور یورپ کے مختلف ممالک میں شدید سردی اور برفباری نے معمولاتِ زندگی کو بری طرح متاثر کر دیا ہے۔ خراب موسمی صورتحال کے باعث ہوائی، ریل اور تعلیمی سرگرمیاں متاثر ہو رہی ہیں جبکہ بعض علاقوں میں جانی نقصان کی اطلاعات بھی سامنے آئی ہیں۔
یورپ بھر میں شدید برفباری کے بعد سیکڑوں پروازیں اور ٹرینیں منسوخ کر دی گئی ہیں، جس سے مسافروں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ برطانیہ میں سخت سردی اور برفباری کے باعث سیکڑوں تعلیمی ادارے بند کر دیے گئے ہیں تاکہ طلبہ اور عملے کو ممکنہ خطرات سے محفوظ رکھا جا سکے۔
برٹش ایئرویز نے موسم کی خرابی کے باعث لندن ہیتھرو اور ایمسٹرڈیم کے درمیان 10 پروازیں منسوخ کر دی ہیں جبکہ لندن سٹی ایئرپورٹ سے راؤنڈ ٹرپ سروس بھی معطل کر دی گئی ہے۔ حکام نے خبردار کیا ہے کہ شدید سردی کے باعث موبائل فون نیٹ ورکس متاثر ہو سکتے ہیں اور بجلی کے بریک ڈاؤن کا خطرہ بھی موجود ہے۔
دوسری جانب فرانس میں سردی کی شدت کے باعث دو مختلف علاقوں میں پانچ افراد کی ہلاکت رپورٹ ہوئی ہے، جس کے بعد حکام نے شہریوں کو غیر ضروری سفر سے گریز اور حفاظتی اقدامات اختیار کرنے کی ہدایت کی ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ چند روز تک سرد موسم اور برفباری کا سلسلہ جاری رہنے کا امکان ہے، جس کے پیشِ نظر یورپی ممالک میں ہنگامی اقدامات جاری ہیں۔