ہمارا واٹس ایپ چینل جوائن کریں

انگلینڈ میں گھروں کی قیمتیں گر گئیں

انگلینڈ میں گھروں کی قیمتیں گر گئیں
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

ویب ڈیسک: انگلینڈ میں گھروں کی قیمتوں میں کمی ریکارڈ کی گئی ہے، جہاں مکانات کی قیمتیں 6 ماہ کی کم ترین سطح پر آ گئی ہیں۔ مارگیج فراہم کرنے والے لائیڈز بینکنگ گروپ کے ہیلی فیکس بینک کے انڈیکس کے مطابق دسمبر کے مہینے میں ملک بھر میں اوسط گھروں کی قیمتوں میں واضح کمی دیکھنے میں آئی۔

رپورٹ کے مطابق دسمبر میں مکانات کی قیمتوں میں 0.6 فیصد یا 1,789 پاؤنڈ کی کمی ہوئی، جس کے بعد سالانہ بنیادوں پر قیمتوں میں اضافے کی شرح کم ہو کر 0.3 فیصد رہ گئی، جو نومبر میں 0.6 فیصد تھی۔ لندن میں گھروں کی قیمتوں میں سب سے زیادہ کمی ریکارڈ کی گئی، جہاں قیمتیں 1.3 فیصد کم ہوئیں۔

ہیلی فیکس کی ہیڈ آف مارگیج امینڈا بائیڈن کے مطابق قیمتوں میں کمی کے بعد انگلینڈ میں ایک اوسط گھر کی قیمت 297,755 پاؤنڈ جبکہ لندن میں اوسط قیمت 539,086 پاؤنڈ ریکارڈ کی گئی ہے۔

ادارے کا کہنا ہے کہ سال کے اختتام پر غیر یقینی معاشی صورتحال کے باوجود آئندہ مہینوں میں رئیل اسٹیٹ مارکیٹ میں بہتری کی توقع ہے، کیونکہ بینک آف انگلینڈ کی جانب سے شرح سود میں کمی کے بعد مارگیج کے بہتر آپشنز دستیاب ہو گئے ہیں۔ ماہرین کے مطابق رواں سال مکانات کی قیمتوں میں ایک سے تین فیصد تک اضافہ متوقع ہے۔

دوسری جانب آن لائن رئیل اسٹیٹ پورٹل رائٹ موو کے مطابق باکسنگ ڈے پراپرٹی تلاش کے حوالے سے سال کا مصروف ترین دن ثابت ہوا، جس دوران پہلی بار مکان خریدنے والوں نے دو بیڈ روم یا اس سے چھوٹی پراپرٹی میں خاص دلچسپی کا اظہار کیا۔