(قیصر کھوکھر) چیف سیکرٹری پنجاب انسداد پولیو مہم کامیاب بنوانے کیلئے میدان میں آ گئے، جواد رفیق ملک نے سو فیصد پولیو ٹارگٹ پورے کرنے کی ہدایت کردی۔
چیف سیکرٹری پنجاب جواد رفیق ملک پولیو مہم کی کامیابی کیلئے خود میدان میں آ گئے، چیف سیکرٹری نے ڈی سی لاہور مدثر ریاض ملک کو از خود پولیو مہم کی نگرانی کرنے کی ہدایت کی ہے، چیف سیکرٹری نےآئی جی پولیس کو بھی ہدایات جاری کی ہیں کہ پولیس کی جانب سے پولیو ٹیموں کو فول پروف سکیورٹی فراہم کی جائے، اس موقع پر چیف سیکرٹری پنجاب نے لاہور میں قائم پٹھان بستیوں پر خصوصی فوکس کرنے کی بھی ہدایت کی۔
چیف سیکرٹری کا کہنا تھا کہ پنجاب سے پولیو کا خاتمہ کرکے دم لیں گے، اس حوالے سے کوئی غفلت یا لاپرواہی برداشت نہیں کی جائے گی۔ انہوں نے ڈی سی لاہور مدثر ریاض ملک کو ہدایت کی کہ وہ خود پولیو مہم کی سرگرمیوں کی مانیٹرنگ کریں اور جہاں کمی کوتاہی دیکھیں فوری ایکشن لیں۔
واضح رہےکہ پولیو مائلائٹس (پولیو) ایک وبائی (تیزی سے پھیلنے والا) مرض ہے جو پولیو وائرس کی وجہ سے ہوتا ہے، پولیو ایک سنگین اور ممکنہ طور پر مہلک متعدی بیماری ہے، یہ اعصابی نظام پر حملہ آور ہوتا ہے اور ٹانگوں اور جسم کے دوسرے اعضاء کے پٹھوں میں کمزوری کی وجہ بن سکتا ہے یا چند صورتوں میں محض چند گھنٹوں میں موت کا سبب بھی بن سکتا ہے۔
یہ بیماری بچوں میں عام ہے لیکن اس کے شکار بالغ افراد بھی ہوسکتے ہیں۔پولیو وائرس ایک شخص سے دوسرے شخص میں پھیلتا ہے اور دوسرے شخص کو متاثر کرتا ہے۔ پولیو کی ابتدائی علامات، بخار، سردرد، تھکاوٹ، گردن میں اکڑاؤ، جسمانی اعضاء، زیادہ ترٹانگوں میں اچانک کمزوری / فالج کا حملہ ہونا، جو زیادہ تر غیر متناسب اور مستقل ہوتا ہے۔