سٹی42: ملک کے بیشترعلاقوں میں موسم خشک جبکہ پہاڑی علاقوں میں بارش اور برفباری کا امکان ہے۔
لاہور میں شدید دھوپ اور فضائی آلودگی کے باعث شہر کی فضا میں خطرے کی گھنٹی بج گئی ۔ شہر کی فضائی آلودگی کی مجموعی شرح 212 ریکارڈ کی گئی ہے، جس کے باعث لاہور دنیا کے آلودہ ترین شہروں میں دوسرے نمبر پر آ گیا ہے۔رائیونڈ روڈ پر فضائی آلودگی کی شرح 304 ریکارڈ کی گئی، جبکہ جوہر ٹاؤن ڈی ایچ اے میں آلودگی کی شرح 449 تک پہنچ گئی۔ یو ایس قونصلیٹ میں آلودگی کی شرح سب سے زیادہ 557 ریکارڈ کی گئی، جبکہ سید مراتب علی روڈ پر بھی آلودگی کی شرح 215 ریکارڈ کی گئی۔
محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ 24 گھنٹوں میں لاہور میں بارش کے امکانات نہیں ہیں۔ شہر میں اس وقت ہوا میں نمی کا تناسب 84 فیصد ریکارڈ کیا گیا ہے۔ ماہرین نے شہریوں کو فضائی آلودگی کے مضر اثرات سے بچنے کے لئے احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی ہے۔
کراچی میں آج سے موسم تبدیل ہونے کا امکان ہے،شہر کا موسم سرد اور خشک ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق شہر کا موجودہ درجہ حرارت 17 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہے، زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 30 ڈگری سینٹی گریڈ تک جانے کا امکان ہے۔ شمال مشرق سمت سے 8 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوا چل رہی ہے اور ہوا میں نمی کا تناسب 39 فیصد ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق رات کو درجہ حرارت 14 سے 16 ڈگری سینٹی گریڈ تک ریکارڈ کیا جانے کا امکان ہے۔محکمہ موسمیات نے خبردار کیا کہ شہر کا فضائی معیار مضر صحت ہے، اور اے کیو آئی کے مطابق کراچی دنیا کے آلودہ ترین شہروں میں نویں نمبر پر ہے۔ پاکستان کے آلودہ ترین شہروں میں کراچی تیسرے نمبر پر موجود ہے، اور ہوا میں آلودہ ذرات کی مقدار 178 پرٹیکیولیٹ میٹرز ریکارڈ کی گئی ہے۔شہریوں کو فضائی آلودگی کے اثرات سے بچنے کے لیے احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
دوسری جانب اسلام آباد اور گردونواح میں موسم سرد اور مطلع جزوی ابر آلود رہنے کا امکان ہے۔ خیبرپختونخوا کے بیشتر اضلاع میں موسم سرد اور مطلع جزوی ابر آلود رہے گا تا ہم چترال،دیر، سوات ، کوہستان، شانگلہ، بٹگرام، مانسہرہ ،کرم، باجوڑ اور وزیرستان میں بارش/ برفباری کا امکان ہے۔
ادھرپنجاب کے بیشتر اضلاع میں موسم سرد اور مطلع جزوی ابر آلود رہنے کا امکان ہے۔تاہم مری، گلیات اور گردونواح میں موسم سرد جبکہ رات میں ہلکی بارش /ہلکی برفباری ہو سکتی ہے۔
رپورٹ کے بلوچستان کے بیشتر اضلاع میں موسم سرد اور مطلع جزوی ابر آلود رہنے کے علاوہ کوئٹہ، زیارت،چمن ، ژوب ، قلعہ عبداللہ ، قلعہ سیف اللہ ،چاغی، نوشکی ، قلات اور خضدار میں ہلکی بارش جبکہ پہاڑوں پر ہلکی برفباری کا امکان ہے۔سندھ کے بیشتر اضلاع میں موسم خشک اور سرد رہے گا۔
کشمیر اورگلگت بلتستان میں موسم شدید سرد/ مطلع ابر آلود رہنے کے علاوہ شام/رات میں چند مقامات پر بارش/ برفباری کا امکان ہے۔