(ملک اشرف) جسٹس محمد قاسم خان کو چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ تعینات کرنے بارے چیف جسٹس آف پاکستان گلزار احمد کی زیرصدارت جوڈیشل کمیشن کا اجلاس کل 10 فروری کو ہوگا۔
چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس گلزار احمد کی زیرصدارت10فروری کو سہہ پہر 2 بجے جوڈیشل کمیشن کا اجلاس ہوگا، جس میں عدالت عالیہ لاہور کے سینئر ترین جج جسٹس محمد قاسم خان کو چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ تعینات کرنے بارے غور کیا جائے گا، جوڈیشل کمیشن اجلاس میں سپریم کورٹ کے سینئر ترین جج جسٹس مشیرعالم، جسٹس عمر عطاء بندیال، جسٹس قاضی فائزعیسی، چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ، وزیر قانون سمیت دیگر جوڈیشل کمیشن کے ممبران شریک ہوں گے، اجلاس کے بعد جسٹس محمد قاسم خان کو چیف جسٹس بنانے سے متعلق جوڈیشل کمیشن کی سفارشات ججز پارلیمانی کمیٹی کو بھجوائی جائیں گی۔
ججز پارلیمانی کمیٹی کی سفارشات منظوری کے لیے صدر پاکستان کو بھجوائی جائیں گی، صدر پاکستان کی منظوری کے بعد وزارت قانون وانصاف نئے چیف جسٹس کی تعیناتی کا نوٹیفکیشن جاری کرے گا، چیف جسٹس مامون رشید شیخ کی ریٹائرمنٹ کےبعد جسٹس محمد قاسم خان 19 مارچ کو نئے چیف جسٹس ہائیکورٹ کے عہدے کا حلف اٹھائیں گے۔