ویب ڈیسک: بھارتی ریاست مہاراشٹر کے شہر ناگپور میں قومی کبڈی کھلاڑی 29 سالہ کرن سوراج دادھے نے مبینہ طور پر خودکشی کر لی۔
پولیس کے مطابق کرن نے یہ قدم اپنے شوہر کی جانب سے کیے گئے وعدے پورے نہ ہونے اور مسلسل ذہنی ہراسگی کے باعث اٹھایا۔
کرن نے 2020 میں سواپنیل جیدو لامبگھارے سے شادی کی تھی۔ شادی سے قبل سواپنیل نے کرن اور اس کے بھائی کو ملازمت دلانے کی یقین دہانی کرائی تھی تاکہ ان کی مالی مشکلات میں کمی آسکے، تاہم بعد میں کرن کو احساس ہوا کہ یہ وعدے محض دھوکہ تھے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم نہ صرف نوکری کے وعدے پر عمل نہیں کر رہا تھا بلکہ کرن پر دباؤ ڈالتا، اسے ذہنی طور پر اذیت دیتا اور نامناسب مطالبات بھی کرتا تھا۔ صورتحال سنگین ہونے پر کرن گھر چھوڑ کر والدین کے پاس منتقل ہوگئیں۔
رپورٹ کے مطابق کرن کو سواپنیل کی جانب سے دھمکی آمیز پیغامات بھی موصول ہوتے رہے، جنہیں انہوں نے اپنے موبائل فون میں بطور ثبوت محفوظ کر لیا تھا۔ اہل خانہ کے مشورے پر کرن نے فیملی کورٹ میں طلاق کی درخواست بھی دائر کردی تھی۔
4 دسمبر کو کرن نے مبینہ طور پر زہر کھا کر زندگی کا خاتمہ کرنے کی کوشش کی۔ انہیں اسپتال منتقل کیا گیا لیکن تین روز تک زیرِ علاج رہنے کے بعد وہ جانبر نہ ہو سکیں۔