ویب ڈیسک: مون سون کے چھٹے سپیل کا آغاز ، لاہور میں ایک گھنٹہ موسلا دھار بارش سے جل تھل ایک ہوگیا جس کے بائث لیسکو کا ترسیلی نظام متاثر اور متعدد علاقوں میں بجلی کی سپلائی معطل ہوگئی۔
شہر کے مختلف علاقوں میں موسلا دھار بارش کے باعث بجلی کا ترسیلی نظام بری طرح متاثر ہو گیا، بارش سے لیسکو کے 120 سے زائد فیڈرز ٹرپ کر گئے، فیڈرز ٹرپ ہونے اور دیگر تکنیکی خرابیوں کے باعث متعدد علاقوں میں بجلی بند ہوگئی۔
گلشن راوی، سمن آباد، قلعہ گجر سنگھ، شاہدرہ ،امامیہ کالونی، شالیمار ،باغبانپورہ ،ہربنس پورہ، گڑھی شاہو ،مغل پورہ ،بھاٹی گیٹ سمیت اندرون شہر کے مختلف علاقوں میں بجلی بند رہی جبکہ بارشوں میں ٹرانسفارمر جلنے کی شکایات میں اضافہ ہوگیا، ٹرانسفارمر جلنے سے مختلف علاقوں میں گھنٹوں بجلی بند رہنا معمول بن گیا، بجلی کی طویل بندش سے شہری پریشان ہیں۔
ذرائع کے مطابق دوپہر 1:35 سے دوپہر 2:35 تک پانی والا تالاب میں 65 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی جس کے بائث نشیبی علاقے زیرآب آگئے. گلبرگ 5 ، لکشمی چوک میں 58 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔
نشتر ٹاؤن میں 8 ،چوک ناخدا 39، پانی والا تالاب 65 اور فرخ آباد میں 26 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی، گلشن راوی میں 10 ، اقبال ٹاؤن 12 ،سمن آباد 7 ،جوہر ٹاؤن 9 اور قرطبہ چوک میں 1 ملی میٹر بارش ریکارڈ ہوئی۔شملہ پہاڑی، لکشمی چوک ،مال روڈ، جیل روڈ پر موسلادھار بارش برسی، لکشمی چوک ،ڈیوس روڈ، ایمپریس روڈ، حاجی کیمپ پر بارشی پانی جمع ہوگیا۔