واٹس ایپ میں نئے فیچر کا اضافہ

واٹس ایپ میں نئے فیچر کا اضافہ
سورس: Google
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

ویب ڈیسک: میٹا کی جانب سے میسجنگ پلیٹ فارم واٹس ایپ میں نئے فیچرز کے اضافے کا سلسلہ جاری ہے۔

اب واٹس ایپ میں ایک نیا فیچر اسکرین شیئرنگ متعارف کرا دیا گیا ہے۔اس فیچر کا اعلان میٹا کے چیف ایگزیکٹو مارک زکربرگ نے ایک فیس بک پوسٹ اور اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ میں کیا۔اس فیچر کے ذریعے واٹس ایپ روایتی ویڈیو کانفرنسنگ ایپس جیسے مائیکرو سافٹ ٹیمز، گوگل میٹ، زوم اور فیس ٹائم کو ٹکر دینے کے قابل ہو جائے گی۔مارک زکربرگ نے بتایا کہ اسکرین شیئرنگ کے ذریعے صارفین اپنی دستاویزات، تصاویر اور دیگر تفصیلات ویڈیو کالز میں شیئر کر سکیں گے۔اس فیچر پر مئی 2023 سے کام کیا جا رہا تھا۔

اسکرین شیئر کرنے کے لیے صارف کو واٹس ایپ پر اپنے کسی کانٹیکٹ کو کال کرنا ہوگی۔کال ملانے کے بعد اسکرین پر نیچے بائیں کونے میں اسکرین شیئر کے آپشن پر کلک کرنا ہوگا۔اس فیچر سے صارفین اپنے اسمارٹ فون ڈسپلے کو مکمل طور پر دوستوں کے ساتھ شیئر کر سکیں گے۔گوگل میٹ اور زوم جیسی ایپس میں بھی اسکرین شیئرنگ کا فیچر اسی طرح کام کرتا ہے۔ واٹس ایپ کی جانب سے بتایا گیا کہ یہ فیچر اینڈرائیڈ، آئی او ایس اور ونڈوز ڈیسک ٹاپ صارفین کے لیے بتدریج جاری کیا جائے گا۔

آسان الفاظ میں اگر ابھی آپ کو یہ فیچر دستیاب نہیں تو بہت جلد آپ اسے استعمال کر سکیں گے۔اسکرین شیئرنگ کے ساتھ ساتھ واٹس ایپ کی جانب سے لینڈ اسکیپ موڈ میں ویڈیو کالنگ سپورٹ بھی متعارف کرائی گئی ہے۔یہ سپورٹ اس وقت زیادہ مددگار ثابت ہوگی جب صارفین اس پلیٹ فارم کو اسکرین شیئرنگ کے لیے استعمال کریں گے۔

خیال رہے کہ واٹس ایپ میں ویڈیو کالنگ کا فیچر نومبر 2016 میں متعارف کرایا گیا تھا مگر اسے بتدریج بہتر بنایا گیا۔کچھ عرصے قبل واٹس ایپ کی جانب سے آئی او ایس صارفین کے لیے ویڈیو کالز میں پکچر ان پکچر سپورٹ متعارف کرائی گئی تھی۔اسی طرح جولائی میں میسجنگ پلیٹ فارم میں مختصر ویڈیو میسجز کے فیچر کا اضافہ بھی کیا گیا۔

Ansa Awais

Content Writer