سٹی42: ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم خشک جبکہ پہاڑی علاقوں میں سرد رہےگا۔ پنجاب کےمیدانی علاقوں میں سموگ اور چند مقامات پر ہلکی دھند کی توقع ہے۔
باغوں کے شہر لاہور میں فضائی آلودگی نے مستقل ڈیرے ڈال لیے ہیں۔ شہر کا فضائی معیار مسلسل خراب ہوتا جا رہا ہے اور لاہور آج بھی دنیا بھر کے آلودہ شہروں کی فہرست میں دوسرے نمبر پر ہے۔صوبائی دارالحکومت میں اے کیو آئی لیول 283 تک جا پہنچا، جو شہریوں کی صحت کے لیے خطرناک قرار دیا جا رہا ہے۔محکمہ جنگلات راوی روڈ پر آلودگی کی شرح 717 ریکارڈ کی گئی، جبکہ گورنمنٹ کالج یونیورسٹی پر اے کیو آئی 555، علامہ اقبال ٹاؤن میں 445 اور ایف سی کالج کے اطراف 393 تک پہنچ گیا۔
ماہرین ماحولیات کے مطابق اسموگ کی یہ سنگین صورتحال شہریوں میں سانس، آنکھوں اور گلے کی بیماریوں میں اضافے کا باعث بن رہی ہے۔
شہرقائد میں موسم خشک اور خنک ہے جبکہ سمندری ہوائیں بند ہیں۔آئندہ 24گھنٹوں کے دوران دن بھر موسم گرم و خشک رہنے کا امکان ہے تاہم صبح اور رات کے اوقات میں خنکی برقرار رہے گی۔محکمہ موسمیات کے مطابق زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 35 ڈگری سینٹی گریڈ تک جا سکتا ہے جبکہ کم سے کم درجہ حرارت 17 ڈگری ریکارڈ کیا گیا ہے۔ شہر کا موجودہ درجہ حرارت 18 ڈگری اور ہوا میں نمی کا تناسب 80 فیصد ہے۔
ہوائیں شمال مشرقی سمت سے کم رفتار میں چل رہی ہیں۔ ایئر کوالٹی انڈیکس کے مطابق شہر کا فضائی معیار غیر صحت بخش ہے۔دنیا کے آلودہ ترین شہروں کی فہرست میں کراچی پانچویں اور پاکستان کے آلودہ ترین شہروں میں چھٹے نمبر پر موجود ہے۔شہر میں فضائی آلودگی کی مقدار 170 پرٹیکیولیٹ میٹرز ریکارڈ کی گئی۔
اسلام آباد میں آج موسم مجموعی طور پر خشک اور قدرے سرد رہے گا۔محکمہ موسمیات کے مطابق کم سے کم درجہ حرارت 13 ڈگری سینٹی گریڈ اور زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 24 ڈگری سینٹی گریڈ تک جانے کا امکان ہے۔ہوا میں نمی کا تناسب 36 فیصد جبکہ 8 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ٹھنڈی ہوائیں چلنے کی پیش گوئی کی گئی ہے۔
دوسری جانب محکمہ موسمیات نے کہا ہے کہ ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم خشک جبکہ پہاڑی علاقوں میں سرد رہنے کا امکان ہے۔ پنجاب کےمیدانی علاقوں میں سموگ جبکہ چند مقامات پر ہلکی دھند کی توقع ہے۔اسلام آباد اور گردونواح میں موسم خشک جبکہ صبح اور رات کے اوقات میں سرد رہے گا۔ خیبرپختونخواکے بیشتر اضلاع میں موسم خشک جبکہ پہاڑی اضلاع میں سرد رہنے کا امکان ہے۔
پنجاب کے بیشتر اضلاع میں موسم خشک ر ہنے کا امکان ہے ۔ مری، گلیات میں موسم خشک اور سرد رہنے کا امکان ہے۔ پنجاب کےمیدانی علاقوں میں سموگ جبکہ صبح /رات کے اوقات میں چند مقامات پر ہلکی دھند کی توقع ہے۔ بلوچستان کے بیشتر اضلاع میں موسم خشک جبکہ شمالی اضلاع میں سرد رہنے کی توقع ہے۔ سندھ کے بیشتر اضلاع میں بھی موسم خشک رہے گا۔اس کے علاوہ کشمیر اور گلکت بلتستان: کشمیر اور گلگت بلتستان میں موسم سرداورخشک رہے گا۔