عرفان ملک: لاہور میں ڈی آئی جی آپریشنز فیصل کامران نے شہریوں کی شکایات اور مسائل کے فوری حل کیلئے کھلی کچہری کا انعقاد کیا۔
کھلی کچہری کے دوران ڈی آئی جی آپریشنز فیصل کامران نے عوامی درخواستوں پر بلا تاخیر قانونی کارروائی یقینی بنانے کیلئے متعلقہ افسران کو واضح احکامات جاری کیے۔
انہوں نے 15 ہیلپ لائن پر موصول ہونے والی شکایت پر تاخیر سے رسپانس کا نوٹس لیتے ہوئے ایس ایچ او نوانکوٹ کو شوکاز نوٹس جاری کیا اور ہنگامی کالز پر بروقت ردعمل یقینی بنانے کی ہدایت دی۔
ڈی آئی جی آپریشنز نے خواتین پر تشدد، ہراسانی اور دھمکیوں کے واقعات پر فوری قانونی کارروائی کے احکامات بھی جاری کیے اور متعلقہ تھانوں کو متاثرہ خواتین کو تحفظ فراہم کرنے کی ہدایت دی جبکہ ایس ایچ او کوٹ لکھپت، کاہنہ، بادامی باغ اور راوی روڈ کو خواتین کے تحفظ کے حوالے سے خصوصی اقدامات کی ہدایت کی۔
ڈی آئی جی آپریشنز نے سرکاری نوکریوں اور فلیٹ خریداری میں فراڈ کے کیسز پر فوری ایکشن لینے کا حکم دیتے ہوئے ایس ایچ او سندر، ملت پارک اور رائیونڈ کو ملزمان کے خلاف کارروائی تیز کرنے کی ہدایت بھی کی۔
انہوں نے کہا کہ شہریوں کو فوری انصاف اور تحفظ کی فراہمی پولیس کی اولین ترجیح ہے جبکہ خواتین پر تشدد اور فراڈ کیسز میں زیرو ٹالرنس پالیسی پر سختی سے عمل کیا جا رہا ہے۔