ہمارا واٹس ایپ چینل جوائن کریں

میں خود کشمیری ہوں ,اپنے امیدواروں کیلئے ووٹ خود مانگوں گا:نواز شریف

میں خود کشمیری ہوں ,اپنے امیدواروں کیلئے ووٹ خود مانگوں گا:نواز شریف
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

رائو دلشاد:آزاد جموں و کشمیر کی قانون ساز اسمبلی کے انتخابات کے سلسلے میں نواز شریف کی زیر صدارت مسلم لیگ (ن) کے پارلیمانی بورڈ نے ٹکٹ کے خواہشمند امیدواروں کے انٹرویوز کا مرحلہ مکمل کر لیا ہے۔

ذرائع کے مطابق 45 انتخابی حلقوں سے 206 سے زائد امیدواروں کے انٹرویوز کیے گئے، جہاں ہر امیدوار کو صرف 2 سے 3 منٹ گفتگو کا موقع دیا گیا۔ اجلاس میں امیدواروں سے پارٹی وابستگی، عوامی مقبولیت اور سیاسی کارکردگی سے متعلق سوالات کیے گئے۔

پارلیمانی بورڈ کے اجلاس میں شہباز شریف اور مریم نواز کی انتخابی مہم میں شرکت پر بھی غور کیا گیا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیراعظم شہباز شریف اور وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کے آزاد کشمیر میں 2 سے 3 جلسے متوقع ہیں۔

نواز شریف نے اعلان کیا ہے کہ وہ خود جون کے وسط میں آزاد کشمیر کا دورہ کریں گے اور اپنے امیدواروں کے لیے انتخابی مہم میں بھرپور حصہ لیں گے۔ انہوں نے شہباز شریف کو بطور وزیراعظم اور مریم نواز کو بطور وزیراعلیٰ پنجاب انتخابی مہم میں فعال شرکت کی ہدایت بھی کی ہے۔

ذرائع کے مطابق آزاد کشمیر انتخابات کے لیے ایک پارلیمانی کمیٹی بھی قائم کر دی گئی ہے جس کی سربراہی امیر مقام کر رہے ہیں۔

اجلاس کے دوران بعض امیدواروں نے گزشتہ پانچ سالہ دور میں نظریہ پاکستان اور تحریک آزادی کو نقصان پہنچنے پر تحفظات کا اظہار کیا۔ اس پر نواز شریف کا کہنا تھا کہ 'میں خود کشمیری ہوں اور کشمیریوں سے محبت میرے خون میں شامل ہے، میں خود آ کر اپنے امیدواروں کے لیے ووٹ مانگوں گا۔'

انہوں نے مزید کہا کہ وفاق اور پنجاب کی طرح آزاد کشمیر میں بھی مسلم لیگ (ن) کی حکومت قائم کی جائے گی۔

ذرائع کے مطابق نواز شریف آئندہ 2 سے 3 روز میں مشاورت کے بعد حتمی امیدواروں کا اعلان کریں گے۔