رائل پارک (زین مدنی )پاکستان کے لیجنڈری اداکار سہیل اصغر نے مداحوں سے اپنے معدے کی کامیاب سرجری کے لیے دعا کی اپیل کی ہے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ فیس بک پر پاکستانی ٹی وی لیجنڈری اداکار سہیل اصغر نے ہسپتال میں لی گئی اپنی ایک تصویر شیئر کی جس سے اِس بات کا انکشاف ہوا کہ سہیل اصغر معدے کی سرجری کی وجہ سے اسپتال میں داخل ہیں۔
سہیل اصغر نے اپنے مداحوں، دوستوں اور اہلِ خانہ کو مخاطب کرتے ہوئے لکھا کہ اللہ تعالی ہمیشہ میرے ساتھ ہے اور میں اللہ کے معجزوں پر پختہ یقین رکھتا ہوں۔ سہیل اصغر نے لکھا کہ وہ دعاوں کی طاقت پر بھی بہت زیادہ یقین رکھتے ہیں۔اداکار نے لکھا کہ آج مجھے آپ سب کی دعاﺅں کی بہت ضرورت ہے۔
یاد رہے کہ سہیل اصغر پاکستانی مزاح کار، اسٹیج اور ٹی وی اداکار ہیں، اُنہوں نے لاہور سے اپنے کریئر کا آغاز کیا، اُنہوں نے لاہور میں تیار کیے جانے والے مزاحیہ اسٹیج ڈراموں سے بنیادی شہرت حاصل کی۔اُن کے مشہور ٹی وی ڈراموں میں لاگ، خدا کی بستی، کاجل گھر، دکھ سکھ ، حویلی، ریزہ ریزہ، پیاس، چاند گرہن اور دیگر ڈرامے شامل ہیں۔
اِس کے علاوہ 2003 میں سہیل اصغر نے پہلی مرتبہ چھوٹی سکرین سے بڑی سکرین پر قدم رکھا اور فلم ’مراد ‘ میں اپنی اداکاری کے جوہر دکھائے، اُس کے بعد اُنہوں نے فلم ’ماہ نور‘ میں بھی کام کیا۔انہوں نے 2003 میں فلم ’مراد‘ کے ساتھ سینما انڈسٹری میں ڈیبیو کیا۔رواں سال احسن خان کو دیے ایک انٹرویو میں سہیل اصغر نے اپنی اداکاری کے حوالے سے بات بھی کی تھی۔
سہیل اصغر کی پیدائش لاہور میں ہوئی اور وہیں انہوں نے تعلیم مکمل کی، جس کے بعد وہ ریڈیو پاکستان کا حصہ بن گئے۔1978 سے 1988 تک 10 سالوں کے لیے سہیل اصغر ریڈیو جوکی کے طور پر کام کرتے رہے جس کے بعد انہوں نے تھیٹر ڈراموں میں اداکاروں شروع کردی۔وہ اپنے کیریئر میں ’لاگ‘، ’پیاس‘، ’چاند گرہن‘، ’کاجل گھر‘ جیسے ڈراموں میں کام کرچکے ہیں۔